• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم کی جوہدری برادران سے ملاقات، شجاعت کی خیریت دریافت کی


وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں حکومتی اتحادی چوہدری برادران سے ملاقات کی، جو 30 منٹ سے زائد تک جاری رہی۔

لاہور میں چوہدری برادران کی رہائش گاہ آمد پر وزیراعظم عمران خان کا استقبال پرویز الہٰی، راسخ الہٰی اور شافع حسین نے کیا۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے دوران ملاقات سابق وزیراعظم چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ آپ کو جلد مکمل صحتیابی عطا فرمائے۔

اس موقع پر چوہدری شجاعت حسین نے عمران خان کا شکریہ ادا کیا، جس کے بعد وزیراعظم اور حکومتی اتحادیوں کے درمیان موجودہ ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وفاقی وزراء میں سے فواد چوہدری، خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر، عامر ڈوگر اور عبدالرزاق داؤد ملاقات میں شریک ہوئے۔

ق لیگ کی طرف سے ملاقات میں سالک حسین، حسین الہٰی، شافع حسین، راسخ الہٰی، منتہا اشرف اور محمد خان بھٹی موجود تھے۔

خیال رہے کہ حزب اختلاف کی 3 بڑی جماعتوں کے عدم اعتماد کے اعلان کے بعد چوہدری برادران حکومت اور اپوزیشن کی توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔

چوہدری برادران سے شہباز شریف، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان عدم اعتماد پر تعاون کے لیے ملاقاتیں کرچکے ہیں۔

اپوزیشن قیادت اپنی ملاقاتوں میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کا ووٹ مانگنے کے ساتھ اپنی دیگر تجاویز بھی رکھ چکی ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن لیڈر شہباز شریف اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کی ملاقات تاخیر کاشکار ہوگئی ہے۔

شہباز شریف نےچوہدری برادران کو اپنے گھر عشائیے کی دعوت دے رکھی ہے۔

قومی خبریں سے مزید