مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان انہی کے گھر گئے جنہیں چور اور ڈاکو کہا تھا۔
وزیراعظم عمران خان کی چوہدری برادران سے رہائشگاہ پر ملاقات پر پرویز رشید نے ردعمل دیا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جن لوگوں کو بُرا بھلا کہا، چور اور ڈاکو کے القاب سے نوازا، اب انہیں کے گھر جارہے ہیں۔
ن لیگی رہنما نے مزید کہا کہ عمران خان جن کے متعلق کہا کہ انہیں چھوڑوں گا نہیں، رلاؤں گا، جیلوں میں ڈالوں گا جیسی بڑھکیں ماریں، اب ان ہی کے در پر جارہے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے جس کے بھی خلاف بولا اب انہیں میں سے ایک ایک کے در پر جاکر سجدہ ریز ہورہے ہیں۔
پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان کا یہ دعویٰ بھی بے نقاب ہوگیا کہ انہیں اقتدار کا لالچ نہیں ہے، تو پھر وزیراعظم بتائیں یہ خجل خواری کیوں؟