بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان نے مسٹر پرفیکٹ عامر خان کی فلم’لال سنگھ چڈھا‘ نہ دیکھنے کی وجہ بتادی ہے۔
شاہ رخ خان نے گزشتہ روز مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے مداحوں کے ساتھ گپ شپ لگانے کے لیے ایک سیشن رکھا تھا۔
اس سیشن میں مداحوں نے سپر اسٹار سے بہت سے دلچسپ سوالات پوچھے تو اُنہوں نے بھی اپنے مداحوں کو مایوس نہیں کیا اور ہمیشہ کی طرح اپنے منفرد انداز میں سوالوں کے مضحکہ خیز جوابات دیے۔
شاہ رخ خان سے اس سیشن میں ایک صارف نے عامر خان کی فلم’لال سنگھ چڈھا‘ نہ دیکھنے کی وجہ پوچھ لی جوکہ ابھی ریلیز ہی نہیں ہوئی ہے۔
اداکار نے مداح کے اس سوال پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ’ارے یار عامرکہتا ہے کہ پہلے اپنی فلم(پٹھان) دِکھا‘۔
خیال رہے کہ عامر خان اور کرینہ کپور خان کی نئی آنے والی فلم ’لال سنگھ چڈھا‘ ریلیزسے پہلے دو مرتبہ تاخیر کا شکار ہوچکی ہے، اب اس کی ریلیز کی تاریخ کو ایک مرتبہ پھر بڑھا دیا گیا۔
حالیہ تاخیر کے بعد فلم کی ریلیز کی تاریخ 14 اپریل رکھی گئی تھی، تاہم فلم اب سازوں نے اس کی ریلیز میں مزید تاخیر کا فیصلہ کیا۔
فلم کی ریلیز میں تاخیر کی وجہ یہ بتائی جارہی ہے کہ فلم ابھی بھی تکمیل کے مراحل میں ہے۔