پاکستان مسلم لیگ ن کے سیکریٹری جنرل احسن اقبال کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان حکومت سے فاصلہ کرنا چاہتے ہیں، حلیف بھی حکومت سے پیچھے ہٹنا چاہتے ہیں۔
میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے پر اپوزیشن کی مشاورت مکمل ہوچکی، تحریک عدم اعتماد بہت جلد پیش کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا ہے، اپوزیشن کی کوشش ہے کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے قومی اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ حکومتی اتحادیوں کو بتا رہے ہیں کہ تحریک عدم اعتماد اقتدار کے کھیل کیلئے نہیں، یہ ملک اور عوام کو بچانے کے لیے ہے۔
رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہمیں ہماری توقع سے زیادہ کامیابی مل رہی ہے، حکومت کے اتحادی اور حکومتی نمائندے عوامی دباؤ کو محسوس کررہے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کارکردگی حکومتی ارکان کی تباہی اور ناکامی کا یقینی راستہ ہے، اتحادی اورحکومتی ارکان صرف یہ دیکھ رہے ہیں کہ ان پر کوئی دباؤ نہ ہو، امید ہے اتحادیوں اور پی ٹی آئی ارکان پرحکومت کا ساتھ دینے کے لئے کسی طرف سے اب دباؤ نہیں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ پرامید ہوں کہ تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگی، ملک کو بحران سے نکالنے کا واحد راستہ آزادانہ اور منصفانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔