• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احسن اقبال کا شہزاد اکبر کو کرپشن ثابت کرنے کا چیلنج


اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور سابق وفاقی وزیر احسن اقبال نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر کو کرپشن ثابت کرنے کا چیلنج دے دیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ شہزاد اکبر صاحب آپ دھیلے کی کرپشن ثابت کردیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے جھوٹ ایک ایک کرکے باہر آرہے ہیں، انہوں نے عوام سے کیا ایک وعدہ بھی پورا نہیں کیا ہے۔


سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم متحد اور اپنے مطالبات پر قائم ہے، مسلم لیگ ن ضمنی الیکشن میں بھرپور حصہ لے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ وزہراعظم نے اپوزیشن پر جھوٹے الزامات لگانے کے سوا کچھ نہیں کیا، 400 سے زائد استعفے آگئے تو پورا نظام درہم برہم ہوجائے گا۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ عمران خان کے دور حکومت میں مہنگائی 4 گنا بڑھ گئی، بجلی کا بحران سر اٹھارہا ہے اور ہر ادارہ تباہ ہوچکا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ عوام اپنے ووٹ سے ثابت کردیں کہ حکومت اپنا اعتماد کھوچکی ہے، ملک حقیقی تبدیلی چاہتا ہے، ن لیگ کے دور حکومت میں جتنی ترقی ہوئی، اُتنی کبھی بھی نہیں ہوئی۔

دوران گفتگو ن لیگی رہنما نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ وہ اُن پر لگے الزامات کا از خود نوٹس لیں۔

تازہ ترین