ملتان(سٹاف رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن میں پیپلز پارٹی کی حکمت عملی پر سوال اٹھ رہے ہیں کیونکہ ایک طرف تو لیڈر آف اپوزیشن ہمارے ساتھ ٹیم میں شامل ہیں تو دوسری جانب میاں نواز شریف اہل خانہ کے ساتھ سابق وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی سے بند کمرے میں ملاقات کر رہے ہیں۔ ایک طرف چیئر مین بلاول بھٹو زرداری جلسوں کے دوران اپنے خطاب میں میاں نواز شریف کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں تو دوسری طرف سابق صدر زر داری پاناما معاملے میں میاں صاحب کو اپنی جانب سے ہر قسم کی یقین دہانی کرا رہے ہیں۔ وہ گذشتہ روز پارٹی کے سابق ضلعی ڈپٹی سیکرٹری جنرل اشرف ناصر خان کی جانب سے دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کر رہے تھے۔انہوں نے کہ پانامہ لیکس کا معاملہ گھمبیر ہوتا جا رہا ہے اور اسے منطقی انجام پر پہنچانے کے لئے بڑی فہم و فراست کی ضرورت ہے جو صرف ایک ہی لیڈر کے پاس موجود ہے جس کا نام عمران خان ہے۔ جماعتی الیکشن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ یہ عمران خان اس معاملے میں انتہائی مخلص اور سنجیدہ ہیں اور وہ چاہتے ہیں کہ ایسے لیڈر قیادت میں آئیں جنہیں نظرہاتی کارکنوں کی مکمل حمایت حاصل ہو ، بدنصیبی سے ہماری پارٹی الیکشن کے سلسلے میں شروع کی جانے والی ممبر سازی مہم جب اپنے عروج پر پہنچی پاناما لیکس کا معاملہ آڑے آ گیا اور ہمیں مجبوراً پارٹی الیکشن کو ملتوی کرنا پڑا لیکن ان سب حالات کے باجود ہماری ممبر سازی مہم جاری ہے اور ہر صورت میں پارٹی الیکشن ہونگے۔انہوں نے کہا کہ پارٹی الیکشن کے سلسلے میں ممبر سازی مہم میں ہر کارکن نے بھرپور طریقے سے اپنا کردار ادا کیا جس سے نہ صرف پارٹی کے ووٹ بنک میں اضافہ ہوا بلکہ ہمیں ایک صحت مندکاوش دیکھنے کو ملی اور اب ہمیں اس الیکشن کو حریفوں کا نہیں بلکہ حلیفوں کا الیکشن سمجھ کو انتہائی دوستانہ ماحول میں لڑنا ہو گا اسی میں ہماری کامیابی ہے۔ تقریب سے ایم این اے ملک عامر ڈوگر، چوہدری خالد جاوید وڑائچ اور اشرف ناصر خان نے بھی خطاب کیا جبکہ سابق ایم پی ڈاکٹر اختر ملک، ملک اسحاق بچہ، رانا عبد الجبار،رانا مسعود خان، ندیم قریشی، محمد یونس غازی، عامر انور قریشی، میجر مجیب احمد۔ میان سلیم کملانہ، قربان فاطمہ، آصفہ سلیم، راؤ آصف انور، حافظ ہارون،محمد بلال خان و دیگر نے شرکت کی۔