تحریر: عالیہ کاشف عظیمی
ماڈل: ظفیرہ
ملبوسات:مے سون کلیکشن
آرایش: Sleek By Annie
عکّاسی:ایم-کاشف
لے آؤٹ: نوید رشید
اِن دِنوں شادی بیاہ کا سیزن عروج پر ہے، کہیں کسی گلی میں ٹینٹ لگا کر کسی تقریب کا انعقاد کیاجارہا ہے، تو کہیں قطار درقطار میرج ہالز رنگوں، روشنیوں سے جگمگا رہے ہیں۔ بہرحال ، منہدی، مایوں، شادی کی تقریب گھر کے سامنے ٹینٹ لگا کر کی جائے یا کسی میرج ہال میں ،ہم جولیاں، سہیلیاں اور کزنز مل بیٹھ کر خوشیاں، مسرتیں ہی کشید کرتے ہیں۔
پھر چھوٹے بچّے رنگ برنگ غبارے ہاتھ میں پکڑے اِدھر اُدھر بھاگتے نظر آتے ہیں، تو بڑے، بزرگ دُنیا بَھر کی باتیں، پُرانے قصّے، کہانیاں دہرا رہے ہوتے ہیں اور ایسے ہی ماحول میں ایک دوسرے کے ملبوسات پر اظہارِخیال بھی کیا جارہا ہوتا ہے۔ تو بہرکیف، اسی موسم کی مناسبت سے آج ہم نے بھی اپنی بزم لڑکیوں بالیوں کے لیے کچھ حسین و دِل کش، خُوش نما اور جدّت وندرت سے بَھرپور ملبوسات سے مرصّع کی ہے۔
ذرا دیکھیے،کیمبرج بلیورنگ پلین ٹراؤزر کے ساتھ زری اور دھاگے کے کام سے آراستہ قمیص، دوپٹا کس قدر حسین لگ رہے ہیں۔ پھر ساٹن سِلک میں گہرے سُرخ رنگ کی کام دار میکسی کے ساتھ کنٹراسٹ میں اسکن رنگ میسوری دوپٹا ایک دِل کش انتخاب ہے، تو کاسنی رنگ کی ڈبل لیئر کام دار کلیوں والی فراک بھی ایک دِل آویز پہناوا ہے۔
فراک کا اِنر بنارسی فیبرک میں ہے، جب کہ اَپر ٹشو کا، جس پر دھاگے، زری کے کام کی خُوب صُورتی نمایاں ہے، جب کہ پِیچ اورکاسنی رنگوں ہی کے کامبی نیشن کے دوپٹے نے لباس کی شان اور بھی بڑھا دی ہے۔ اسی طرح آف وائٹ رنگ پیراہن کی جاذبیت بھی کچھ کم نہیں کہ ساٹن سِلک پلین ٹراؤزر کے ساتھ تھریڈ ورک سے آراستہ شیفون جارجٹ کی قمیص کے دامن پر پھول دار، کٹ ورک انداز کی لیس خُوب جچ رہی ہے، تو ڈارک پِیچ رنگ میں ڈبل لیئر گھیر دار ،بھاری کام سے آراستہ فراک کی دِل کشی و رعنائی کے بھی کیا ہی کہنے۔
ان میں سے کوئی بھی رنگ و انداز منتخب کرلیں،یقیناً مرکزِ نگاہ آپ ہی ہوں گی۔