• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عدم اعتماد کی جنگ عمران خان ہی جیتے گا، شیخ رشید کا دعویٰ

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کے 3، 4 لوگ حکومت کی حمایت کرسکتے ہیں، عدم اعتماد کی جنگ عمران خان ہی جیتے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن نے 172 ارکان پورے کرنے ہیں، ان کے ووٹ زیادہ ہوں گے تو پتہ چل جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو 2 ماہ سے عدم اعتماد لانے کا کہہ رہے ہیں، اپوزیشن جماعتیں اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں۔

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے تین چار لوگ حکومت کی حمایت کر سکتے ہیں، تحریک عدم اعتماد عمران خان کے لیے تحریک اطمینان بن جائے گی۔

اُن کا کہنا تھا کہ اللہ کا شکر ہے یہ کہہ رہے ہیں اسٹیبلشمنٹ نیوٹرل ہے، پوچھتا ہوں یہ نیوٹرل کیا چیز ہوتی ہے؟ مطلب نہ ہاتھ آسمان پر نہ ہی پاؤں زمین پر۔

شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن کو ایک سال صبر کرنے کا کہہ رہا ہوں، پھر بھی نہ مانے تو خبردار کرتا ہوں شاہراہ دستور پر جھاڑو پھر سکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے صبری میں منہ جل جائے گا، اقتدار کے بھوکے یاد رکھیں ایسی صورتحال ہوسکتی ہے آپ کے ہاتھ کچھ نہ آئے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان کو ہلکا نہ لیں، موجودہ وزیراعظم کے بینک اکاؤنٹس باہر نہیں ہیں، جس کے بینک اکاؤنٹس باہر ہیں وہ پاکستان کو آزاد خارجہ پالیسی نہیں دے سکتا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان ٹھیک کہتے ہیں کہ وہ سڑکوں پر آکر زیادہ خطرناک ہوں گے، یہ منہ اور مسور کی دال؟ ان کے لیے مارشل لا کی ضرورت نہیں۔

شیخ رشید نے کہا کہ لائیں نا ریکوئزیشن، کریں اجلاس، ریکوئزیشن اجلاس کے 14 دن ہیں، آئین اور قانون میں طے نہیں کہ صدر اجلاس کب بلائے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسپیکر کو درخواست دیں تو 14 دن میں اجلاس ہوگا جبکہ اسپیکر کے پاس دس دن کا مارجن ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ بینظیر کے وقت عدم اعتماد 12ووٹوں سے ناکام ہوگئی تھی، اتنے ہی ووٹوں سے ان کی تحریک بھی ناکام ہوگی۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن قیادت کے اشارے پر چلنے والے معاملات ہیں جبکہ اسٹیبلشمنٹ منتخب حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔

شیخ رشید نے کہا کہ ایم کیو ایم عام طبقے کے لوگ ہیں، انہوں نے جدوجہد کی ہے، میں نے کہہ دیا ہے کہ ان کے مسائل حل کیے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ بند دفاتر موبائل فون پر آگئے ہیں، میں اکیلا بھی بہادر آباد جاسکتا ہوں کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ جہانگیر ترین سے دوستی ہے نہ ان سے ملاقات ہوئی، دنیا میں سب سے مضبوط رشتہ مفاد کا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عمران خان نے ورلڈ کپ جیتا تو میں وزیر کھیل تھا، میں باہر جانا چاہتا تھا، اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے نہیں جانے دیا۔

شیخ رشید نے کہا کہ حجاب گروپ، عورت مارچ، علما سمیت چاروں گروپ اپنے اپنے وقت کا تعین کرلیں۔

انہوں نے کہا کہ پشاور دھماکے کے تینوں مجرموں کے گھروں اور سلیپر تک پہنچ گئے ہیں ۔

قومی خبریں سے مزید