پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) میں جانے والے ندیم افضل چن آج دوبارہ پیپلز پارٹی میں شامل ہو گئے۔
لاہور میں چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری کے اعزاز میں ندیم افضل چن کی جانب سے ظہرانے کا اہتمام کیا گیا۔
ظہرانے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما خورشید شاہ، نثار کھوڑو، مراد علی شاہ، اعتزاز احسن، شیری رحمٰن، شازیہ مری، فیصل کریم کنڈی، قمر زمان کائرہ، راجہ پرویز اشرف اور مصطفیٰ نواز کھوکھر بھی شریک ہوئے۔
ظہرانے کے بعد بلاول بھٹو زرداری اور ندیم افضل چن نے سیاسی صورتِ حال پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری کے سامنے ندیم افضل چن نے پاکستان پیپلز پارٹی میں دوبارہ شمولیت اختیار کرنے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ ندیم افضل چن پاکستان تحریکِ انصاف میں شمولیت کے بعد کافی عرصہ وزیرِ اعظم عمران خان کے ترجمان بھی رہے ہیں۔
اس منصب سے ندیم افضل چن نے گزشتہ برس (جنوری 2021ء میں) خود استعفیٰ دیا تھا۔
’’کچھ مجبوریوں کی وجہ سے غلط فیصلہ کیا تھا‘‘
اس موقع پر ندیم افضل چن نے کہا کہ کچھ مجبوریوں کی وجہ سے غلط فیصلہ کیا تھا، میں اپنے گھر واپس آ گیا ہوں جس پر مجھے بہت خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتا ہوں انہوں نے مجھے عزت دی۔
اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ندیم افضل چن کو پارٹی میں واپس آنے پر خوش آمدید کہتے ہیں، آئیں پارٹی کا حصہ بنیں، ہم مل کر جدوجہد کریں گے۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) نے یہ بھی کہا کہ جن کارکنوں نے کبھی بھی جئے بھٹو کا نعرہ لگایا ہے وہ واپس آ جائیں۔