وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے تحریک عدم اعتماد اجلاس کب ہوگا؟ کیسے ہوگا؟ اور اس حوالے سے قانون کیا کہتا ہے؟ حکومتی موقف پیش کردیا۔
جیو نیوز سے گفتگو میں شیخ رشید نے کہا کہ اپوزیشن اور حکومت کے پارلیمنٹ میں مقابلے کا بگل بج گیا ہے، یہ میچ عمران خان ہی جیتیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر آئین کے تحت اسپیکر قومی اسمبلی 14دن میں اجلاس بلانے کے پابند ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اسپیکر 22 مارچ تک اجلاس بلانے کے پابند ہیں، صدر اجلاس نہ بلانا چاہے تو کوئی مجبور نہیں کرسکتا۔
اُن کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پُراعتماد ہیں، اپنے کارڈ چھاتی سے لگائے ہوئے ہیں، 172 افراد اپوزیشن کو لانے ہیں اور اس کے لیے 24 دن پڑے ہیں۔
شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ تاخیر نہیں کررہے قانون سے کوئی روگردانی نہیں کرسکتے، پہلے دن انتقال کرنے والے رکن کے لیے دعا کے بعد اجلاس ختم ہوجائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دوسرے دن اجلاس میں عدم اعتماد تحریک پیش کی جائے گی، 172ارکان پورے کرنے کی ذمے داری اپوزیشن پر ہے جو ان سے نہیں ہوپائیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کی کانفرنس ہورہی ہے، ضروری ہے کہ یہ عمل اس سے پہلے یا بعد میں ہو۔
اُن کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہورہا ہے وہ ملک کی بدنامی کا باعث بننے جارہا ہے، اسپیکر یا وزیراعظم کیا فیصلہ کرتے ہیں میں ان کے ساتھ کھڑا ہوں، وزیراعظم سے آج بھی ملاقات ہوئی وہ پُراعتماد ہیں۔