• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یوکرین نوفلائی زون کا خواہشمند، نیٹو کیوں کترانے لگا؟

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

روس نے پڑوسی ملک یوکرین پر یلغار کی تو اس نے خود کو بچانے کے لیے ہر طریقہ آزمانے کی کوشش کی، تاہم اب کیف چاہتا ہے کہ اس کی فضاؤں کو نو فلائی زون قرار دیا جائے۔ 

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے امریکا میں کیے گئے حالیہ سروے کے مطابق 74 فیصد عوام چاہتے ہیں کہ یوکرین کی فضاؤں کو نو فلائی زون قرار دیا جائے، جبکہ اس کے لیے یوکرینی حکومت بھی امریکی سربراہی میں بنے فوجی اتحاد نیٹو پر زور دیتی رہی ہے۔ 

نو فلائی زون کیا ہوتا ہے؟

امریکی ریاست کولاراڈو کی کولاراڈو اسٹیٹ یونیورسٹی کے پولیٹیکل سائنسز کے پروفیسر پیٹر ہیرس کا کہنا ہے کہ نوفلائی زون وہ جغرافیائی حد ہوتی ہے جہاں مخصوص قسم کی پرواز ممنوع ہوتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس موقع پر لوگ یوکرین میں کچھ مقامات بلکہ پورے یوکرین کو ہی نوفلائی زون بنانے کی باتیں کر رہے ہیں جو اس کی فضاؤں میں جنگی طیاروں کی پروازوں کو روکنے میں معاون ثابت ہوگا بالخصوص روسی طیاروں کو۔ 

انہوں نے یہ بھی کہا کہ نو فلائی زون کے لیے روسی فضائیہ کے دفاع کو توڑنے کی ضرورت ہوگی جو نیٹو کے طیاروں کو یوکرین میں پہنچا سکتے ہیں اور یہ روسی طیاروں کو گرانے کا خطرہ بن سکتے ہیں۔ 

نو فلائی زون کون چاہتا ہے؟

یوکرین کا ماننا ہے کہ ایسا کرنے سے یوکرینی شہریوں کو روسی بمباری سے بچایا جاسکتا ہے۔

یوکرینی صدر ولودومیر زیلنیسکی متعدد مرتبہ نیٹو سے درخواست کرچکے ہیں کہ روسی طیاروں کو یوکرین کی فضاؤں میں آنے سے روکا جائے، ایسا کرنے سے یوکرینی شہریوں کی جان بچ سکتی ہے۔ 

یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ نیٹو میں شامل ممالک کے درمیان اپنے اتحادی ملک کے دفاع کا معاہدہ ہے لیکن یوکرین نیٹو کا رکن نہیں ہے۔ 

نیٹو کیا کہتا ہے؟

نیٹو نے ہمیشہ امریکی انتظامیہ کی بات کو دہرایا ہے جس کا ماننا ہے کہ یوکرین پر نیٹو کی جانب سے نو فلائی زون قرار دینے کے بعد یہ اس فوجی اتحاد کو روس کے سامنے لا کھڑا کرے گا۔ 

نیٹو سیکریٹری جنرل جینز اسٹولٹینبرگ کا کہنا ہے کہ ہم اس تنازع کا حصہ نہیں ہیں، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم پر اس جنگ کو یوکرین سے باہر نکل کر نیٹو اتحاد میں شامل ملک کی جانب جانے سے روکنے کی ذمہ داری ہے، کیونکہ یہ مزید خطرناک اور تباہ کن ہوگا اور اس کی وجہ سے مزید انسانی جانوں کے ضیاع کا خطرہ بھی ہے۔ 

روس کیا کہتا ہے؟

ادھر روسی صدر ولادیمیر پیوٹن متعدد مرتبہ مغربی ممالک کو خبر دار کرچکے ہیں کہ نو فلائی زون بنانے کے عمل کو نیٹو کی جنگ میں شمولیت تصور کیا جائے گا۔ 

بائیڈن انتظامیہ کیا کہتی ہے؟

یوکرین کی جانب سے متعدد مرتبہ نو فلائی زون بنانے کی درخواست کے باوجود واشنگٹن اس تصور کو رد کرتا رہا ہے۔ 

وائٹ ہاؤس ترجمان کے مطابق نوفلائی زون کا مطلب ہوگا کہ اس پر عملدرآمد ہو، اس کے لیے ضروری ہوگا کہ امریکی افواج روسی طیاروں کو مار گرائے اور روس سے براہِ راست جنگ کو دعوت دے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ اور یہی وہ قدم ہے جسے اٹھانے کو ہم اب تک نظر انداز کر تے رہے ہیں۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید