• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیپلز پارٹی کا عوامی لانگ مارچ اختتام پذیر، آصف زرداری کا خطاب

پیپلز پارٹی کا عوامی لانگ مارچ ڈی چوک پر اختتام پذیر ہوگیا، منتظمین نے مارچ ختم کرنے کا اعلان کیا، جس کے بعد شرکاء گھروں کو روانہ ہوگئے۔

ڈی چوک پر عوامی لانگ مارچ سے سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے اختتامی خطاب کیا۔

انہوں نے کہا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کو ہم نے ایسے ہی رہنے دیا تو ہمیں نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

سابق صدر نے مزید کہا کہ یہ کہتا ہے کہ سڑکوں پر آگیا تو بہت خطرناک ہوں گا، میں کہتا ہوں بسم اللہ آؤ تو سہی، پھر دیکھیں گے کہ کون خطرناک ہے اور کون نہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ بلاول کے ساتھ آپ کی محبت دیکھ کر رشک کرتا ہوں، آپ سب کا پیار دیکھ کر میرا دل بہت خوش ہوتا ہے، مجھے بی بی کے جلسے یاد آتے ہیں۔

آصف علی زرداری نے یہ بھی کہا کہ سب کو مل کر پاکستان کو آگے لے کر جانا ہوگا، وقت آگیا ہے کہ سلیکٹڈ کو باہر نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو تکلیف اور مشکلات سے نکالنے کے لئے سب پارٹیاں مل کر بیٹھیں گی، اگر ہم نے اسے رہنے دیا تو آنے والی نسلیں معاف نہیں کریں گی۔

سابق صدر کا کہنا تھا کہ ہمارا اللہ ہمیں معاف نہیں کرے گا، ہماری قبریں ہمیں معاف نہیں کریں گی، ان شاء اللہ اسے بہت جلد باہر نکالوں گا، تمام جماعتیں مل کر مائنس سلیکٹڈ، مائنس سلیکٹڈ کریں گی۔

قومی خبریں سے مزید