پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما علیم خان لندن پہنچ گئے، جہاں وہ جہانگیر ترین سے ملاقات کریں گے، علیم خان کی نواز شریف سے ملاقات کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان لندن میں جہانگیر ترین سے ملاقات کریں گے، ملاقات میں آئندہ کے لائحہ عمل پر بات ہوگی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالعلیم خان کی قائد مسلم لیگ ن نوازشریف سے بھی ملاقات متوقع ہے، وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی رخصت کی صورت میں علیم خان اور ن لیگ کا مشترکہ وزیراعلیٰ لایا جائے گا، جہانگیر ترین اورعبد العلیم خان گروپ نئی سیاسی جماعت پر بھی مشاورت کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الوقت جہانگیر ترین اورعلیم خان گروپ کسی سیاسی جماعت میں ضم نہیں ہوگا، اگلے عام انتخابات میں جہانگیر ترین اور عبدالعلیم خان بڑے سیاسی اتحاد کاحصہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد میں اپوزیشن کا ساتھ دینے پر آئندہ الیکشن میں جہانگیر ترین گروپ کے امیدوار کے خلاف امیدوار کھڑا نہیں کیا جائے گا۔