جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کی سیکیورٹی تنظیم انصار الاسلام کے پارلیمنٹ لاجز میں پہنچنے کے معاملے میں نیا موڑ آگیا۔
انصار الاسلام کے کارکنوں کی آمد کے بعد پولیس افسران بھی پارلیمنٹ لاجز پہنچے۔
اس موقع پر رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے پولیس افسران کو بتایا کہ انصار الاسلام کے کارکُن ہمارے مہمان ہیں۔
رکن قومی اسمبلی صلاح الدین نے پولیس افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے مہمان قانون کے مطابق آئے ہیں، کارکنوں کے پاس اسلحہ نہیں ہے۔
پولیس افسران نے رکن قومی اسمبلی سے کہا کہ ہم ان کارکنوں کو تھانے لے کرجائیں گے، جس پر صلاح الدین ایوبی نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ میرا مہمان میرے کمرے میں ہے آپ مجھے تھانے لے جائیں، میرے مہمان کو نہیں۔
وزیر مملکت علی محمد اور پی ٹی آئی کے نور عالم بھی پارلیمنٹ لاجز میں پولیس کے ہمراہ موجود تھے۔
پارلیمنٹ لاجز میں موجود اپوزیشن ارکان کی سیکیورٹی کے لیے انصار الاسلام کی جانب سے یہ اہم اقدام اٹھایا گیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں نے اپنے ارکان کے لاپتا کیے جانے اور سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات ظاہر کیے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ انصار الاسلام کے کارکن اپوزیشن کے تمام ارکان کو سیکیورٹی فراہم کریں گے۔