اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی میں تحریکِ عدم اعتماد پیش ہو چکی ہے، عمران خان اکثریت کھو چکے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھو چکے ہیں۔
’’فیصلے کہیں اور ہونے کا تاثر ختم کیا جائے‘‘
جے یو آئی ف کے سربراہ نے کہا کہ معاملات عمران خان کے ہاتھ سے نکل چکے ہیں، الیکشن کمیشن غیر جانبدار ادارے کا کردار ادا کرے۔
مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ عوام سے ووٹ کا حق چھین لیا گیا تھا، اس تاثر کو ختم کیا جائے کہ فیصلے کہیں اور ہوتے ہیں۔
’’عمران خان 10 لاکھ لوگ نہ لاؤ، بس 172 نمبرز پورے کرو‘‘
انہوں نے کہا کہ وزیرِ اعظم عمران خان 10 لاکھ لوگ نہ لاؤ، بس 172 نمبرز پورے کرو، کارکن تیار رہیں جب اسلام آباد بلایا جائے تو فوراً پہنچ جائیں۔
سربراہ پی ڈی ایم نے کہا کہ تحریکِ عدم اعتماد پیش ہو چکی، اب عمران خان کے پاس جواز نہیں کہ عوام کو اسلام آباد بلائیں۔
’’شیخ رشید رائی کے پہاڑ کی طرح عمران کیساتھ ہیں‘‘
ان کا مزید کہنا ہے کہ پورا ملک تیار رہے، ہم ان کو کسی بھی وقت اسلام آباد آنے کے لیے بلا سکتے ہیں۔
اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ شیخ رشید رائی کے پہاڑ کی طرح عمران خان کے ساتھ ہیں۔