وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن تحریک عدم اعتماد واپس لے، دیکھتے ہیں انہیں بدلے میں کیا دیا جاسکتا ہے، ہمارا ڈی چوک پر جلسہ ہوگا جس میں ان شاء اللّٰہ 10 لاکھ لوگ ہوں گے، جلسے سے ایک چھوٹا سا ریفرنڈم بھی ہو جائے گا۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ جلسے سے گزر کر اسمبلی میں ووٹ ڈالنے کیلئے لوگوں کو جانا ہوگا، واپسی بھی اسی مجمع سے گزر کر ہوگی، یہ سارے ننھے منے جلسے لے کر آنے والے دیکھ لیں گے کہ بڑا جلسہ کیا ہوتا ہے، یہ دیکھ لیں گے کہ لوگ ہمارے ساتھ ہیں یا نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی ڈیکلیئر کرنے کا کوئی تک نہیں بنتا، 18 ویں ترمیم کے بعد ایمرجنسی کے اختیارات محدود ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ میں سمجھتا ہوں اپوزیشن کو تحریک عدم اعتماد واپس لے لینی چاہئے، جب سے اپوزیشن تحریک عدم اعتماد لائی ہے زبانوں میں بڑی تلخیاں پیدا ہوگئی ہیں، تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری تک سیاسی فضاء میں اتنی تلخیاں ہوجائیں گی کہ پاکستان کو نقصان ہوگا۔