وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق کہنا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت کسی سے لڑائی نہیں چاہتی، عدم اعتماد کو بھی شکست ہوگی۔
اسد عمر نے پاکستان اوورسیز کانفرنس سے خطاب کے دوران کہا ہے کہ ق لیگ پنجاب کے چند اضلاع کی پارٹی ہے، مسلم لیگ ن جی ٹی روڈ اور پیپلزپارٹی اندرونِ سندھ کی پارٹی ہے، 2018 کے الیکشن میں پی ٹی آئی کو پنجاب، خیبرپختونخوا، سندھ کے شہری علاقوں میں سب سے زیادہ ووٹ ملے, عمران خان پاکستان کی ضرورت ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سب سے زیادہ ووٹ لینے والی جماعت تحریک انصاف ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ قائد اعظم اور لیاقت علی خان کے بعد تمام ادارے مل کر کام کر رہے ہیں۔
اسد عمر نے کہا کہ ملک میں اندرونی چیلنجز کا سامنا ہے، ملک کو مضبوط رکھنے کے لیے ہمارا متحد ہونا ضروری ہے، مشکل حالات میں پاکستانیوں نے مقابلہ کرنا ہے، ملک قربانی سے بنا ہے اس کے لیے مزید قربانیاں دینے کو تیار ہیں، کامیابی کے لیے ملک کو متحد ہونا ضروری ہے۔
اسد عمر کا بھارت کی جانب سے آئے دن قانون کی خلاف ورزیوں سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے پاکستان کو دباؤ کاشکار کرنے کی کوشش کی جاتی رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ثابت کر دیا ہےکہ مل کر کسی بھی بھی مشکل کا سامنا کر سکتے ہیں۔
اسد عمر کا اوورسیز سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اوور سیزپاکستانی پاکستان کا سرمایہ ہیں۔