اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اپنے خلاف اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد پر موقف دے دیا۔
اسلام آباد میں صحافی نے اسد قیصر سے سوال کیا کہ آپ کے خلاف اپوزیشن جماعتوں نے تحریک عدم اعتماد لانےکا اعلان کیا ہے، اس پر کیا کہیں گے؟
اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ مجھے اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے، تحریک عدم اعتماد لانا اپوزیشن جماعتوں کا آئینی و قانونی حق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ تحریک عدم اعتماد اپوزیشن کا آئینی حق ہے، میں اپنے خلاف اسے ویلکم کرتا ہوں۔
اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ تحریک عدم اعتما د پر قانونی رائے لی ہے، یہ میرا کام ہے کہ ماہرین سے مشاورت کروں۔
اُن کا کہنا تھا کہ میں نے کوئی خط نہیں لکھا، میڈیا میں چل رہی خبروں کی تردید کرتا ہوں، ایک بات واضح کروں جو اقدام اٹھاؤں گا قانون و رولز کے مطابق ہوگا۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن کیا کررہی ہیں اس سے میرا کوئی تعلق نہیں۔
صحافی نے استفسار کیا کہ اجلاس سے متعلق قیاس آرائیاں ہیں، آپ کی وزیراعظم سے ملاقات میں کیا فیصلہ ہوا؟
اس پر اسد قیصر نے کہا کہ اجلاس بلانے سے متعلق سیکریٹریٹ سے مشاورت کررہا ہوں، آئین کے مطابق مقررکردہ وقت پر اجلاس ہوگا۔