اٹارنی جنرل نے وزیر اعظم عمران خان کو الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے گئے نوٹس کو عدالت میں چیلنج کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
وزیر اعظم عمران خان سے اٹارنی جنرل نے ملاقات کی، ملاقات میں وزیراعظم کو الیکشن کمیشن کے نوٹس کا معاملہ زیر بحث آیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اٹارنی جنرل نے الیکشن کمیشن کے آرڈر کو عدالت میں چیلنج کرنے کا مشورہ دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عدم اعتماد سے متعلق آئینی وقانونی آپشن پر بھی اٹارنی جنرل کی جانب سے بریفنگ دی گئی۔
واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کو دیر کا دورہ کرنے سے منع کیا تھا، الیکشن کمیشن کی ہدایت کے باوجود وزیراعظم نے دیرمیں عوامی اجتماع سے خطاب کیا۔
جس کے بعد الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم کو نوٹس بھیجا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر نےضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر وزیراعظم عمران خان سمیت 10 پبلک آفس ہولڈرز اور 7 امیدواروں کو نوٹس جاری کیا۔
ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر حمید اللّٰہ نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے لوئر دیر میں جلسے میں شرکت کرنے پر وزیراعظم کو 14 مارچ دن ساڑھے 10 بجے ذاتی حیثیت یا وکیل کے ذریعے تحریری جواب کے ساتھ پیش ہونے کا حکم دیا۔
الیکشن کمیشن نے مزید 9 پبلک آفس ہولڈرز کو بھی نوٹس جاری کیا تھا۔