وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے صوبائی صدر علی زیدی اور معاونِ خصوصی برائے سیاسی روابط شہباز گِل نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو 10 سال پُرانے ٹوئٹ پر ٹرول کردیا۔
شہباز شریف نے جولائی 2012 میں سابق صدر آصف زرداری پر تنقید کرتا ایک ٹوئٹ کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ’رانا ثناء اللہ نے زرداری کو مشورہ دیا ہے کہ وہ عوام کا لُوٹا ہوا پیسہ واپس کریں اور رمضان میں اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، کیا یہ ٹھیک رہے گا؟‘
اب تقریباً 10 سال بعد علی زیدی اور شہباز گِل نے اس ٹوئٹ پر ردعمل دیا ہے۔ شہباز گِل نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ 2012 کے بعد ایک بار پھر نصیحت کی گئی تو زرداری صاحب نے جواب دیا کہ ہم اکیلے ہی کیوں واپس کریں، آپ بھی واپس کریں؟
اسی ٹوئٹ پر ایک اور جواب بھی شہباز گِل نے دیا، جس میں انہوں نے کہا کہ کیا یہ بات اب بھی درست ہے؟
شہباز گِل کی ٹرولنگ پر علی زیدی بھی پیچھے نہ رہے اور کہا کہ رمضان پھر آنے والے ہیں کیا آپ کو دوبارہ یہی نصیحت انہیں دوبارہ کرنے کی ضرورت ہے۔
واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے مِل کر وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں جمع کروائی ہے جس پر 28 مارچ کو ووٹنگ کا امکان ہے۔