سابق صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو مبینہ طور پر دھمکیاں دینے پر وزیراعظم عمران خان کے خلاف وفاقی تحقیقات ادارے (ایف آئی اے) کو درخواست جمع کروادی گئی۔
پیپلز پارٹی راولپنڈی کے جنرل سیکرٹری راجہ ساجد عمر نے یہ درخواست جمع کروائی۔
درخواست گزار نے مؤقف اپنایا کہ وزیراعظم عمران خان نے آصف علی زرداری کو دھمکیاں دیں اور عمران خان کی یہ تقریر پوری دنیا نے دیکھی۔
انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری کے خلاف ہتک آمیز زبان کو بھی پوری دنیا نے دیکھا، عمران خان کی ہتک آمیز تقریر سے دنیا میں پاکستان کی بدنامی ہوئی۔
درخواست گزار نے استدعا کی کہ وزیراعظم عمران خان کے دھمکی اور حقارت آمیز الفاظ کا نوٹس لے کر ضروری کارروائی کی جائے۔
خیال رہے کہ کراچی میں گورنر ہاؤس میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم عمران خان نے کہا تھا کہ بڑی دیر سے آصف علی زرداری میری بندوق کی نشانے پر ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ آصف علی زرداری نے 20، 20 کروڑ روپے ہمارے ارکان کو خریدنے کے لیے رکھے ہوئے ہیں۔