وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی کی جانب سے پنجاب کی وزارت اعلیٰ سے متعلق بیان پر تنقید کے بعد وضاحتی بیان جاری کردیا ۔
وزیر دفاع پرویز خٹک نے منگل کو ٹوئٹر پر جاری وضاحتی بیان میں کہا کہ ق لیگ اور پرویز الہی سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر تمام اتحادیوں سے رابطے میں ہوں۔
وزیر دفاع پرویز خٹک کے وضاحت جاری کرنے پر مونس الہی نے ان کا شکریہ ادا کیا۔
واضح رہے کہ پرویز خٹک کے حوالے سے خبر آئی تھی کہ پی ٹی آئی نے ق لیگ کو وزارتِ اعلیٰ دینے سے انکار کر دیا ہے، پرویز خٹک کا بیان رپورٹ ہوا تھا کہ ق لیگ کا وزیرِ اعلیٰ نہیں بنا سکتے، ن لیگ بناتی ہے تو بن جائیں۔
وزیرِ دفاع کا بیان رپورٹ ہوا تھا کہ 5 سیٹوں پر وزیرِ اعلیٰ بنانے کی ڈیمانڈ بلیک میلنگ ہے، ہر مشکل میں بلیک میل کرنا مناسب رویہ نہیں ہے۔
میڈیا میں یہ بھی رپورٹ ہوا تھا کہ پرویز خٹک نے مونس الہٰی کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا ہے۔
بعد ازاں مسلم لیگ ق کے رہنما مونس الہٰی نے وزیرِ دفاع پرویز خٹک سے ان کے بیان پر وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔