وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وزیر اعظم عمران خان کو سندھ میں گورنر راج لگانے کا مشورہ دے دیا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کے دوران شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے وزیر اعظم کو سندھ میں گورنر راج لگانے کی تجویز دی ہے۔
شیخ رشید نے کہا کہ وہ عمران خان سے اپنی بات کہہ کر آچکے ہیں، انہوں نے مشورہ دیا ہے کہ سندھ میں گورنر راج لگا دیا جائے اب یہ وزیراعظم کا اختیار ہے کہ وہ کیا کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سندھ ہاؤس ایکسپوز ہوگیا ہے، قوم عمران خان کے ساتھ کھڑی ہے، سندھ ہاؤس میں جو خرید وفروخت ہوئی سندھ میں گورنر راج نافذ کرنا چاہیے۔
شیخ رشید نے کہا کہ بہت اچھا ہوگیا، 8 سے 12 لوگ سندھ ہاؤس میں ایکسپوز ہوگئے، سندھ کے لوگوں کا پیسہ خرید و فروخت کے لیے استعمال کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے ضمیر سے ووٹ دینے والا بے شک ووٹ دینے آئے، سندھ ہاؤس میں کوئی پولیس کارروائی نہیں کی جا رہی، یہ پیسے کے لوگ ہیں پیسے کے لالچ میں گئے یہ جانیں ان کے علاقے کے لوگ جانیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم سے کہا ہے سندھ نے خرید و فروخت کی ہے، یہ جمہوریت کے خلاف سازش ہے یہ پیسوں کی کشش میں آئے ہیں، عمران خان ڈٹا ہواہے۔