• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نویں کے امتحان میں عمر کی حد 12 سال اور میٹرک، انٹر کی سطح پر گریڈنگ کے لیے کمیٹی قائم

ملک بھر میں نویں جماعت میں امتحان دینے کے لیے عمر کی حد 14 سال سے کم کر کے 12 سال جب کہ میٹرک اور انٹر کی سطح پر نمبرنگ کے بجائے عالمی معیار کی گریڈنگ کرنے کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔

اس بات کا فیصلہ وفاقی وزارت تعلیم کے ماتحت ادارے انٹر بورڈ کمیٹی آف چیئرمین کے 171ویں اجلاس میں کیا گیا، جو نتھیا گلی میں سرگودھا تعلیمی بورڈز کی چیرپرسن کوثر رئیس کی زیرصدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں آئی بی سی سی کی جانب سے گزشتہ 50 برس میں پہلی مرتبہ سالانہ رپورٹ پیش کرنے پر سکریٹری آئی بی سی سی پروفیسر غلام علی ملاح کی کارکردگی کو سراہا گیا۔ 

اجلاس میں میٹرک سائنس بطور پرائیویٹ امیدوار کرنے کی منظوری دی گئی، تاہم انٹر سائنس پرائیویٹ کرنے پر کمیٹی قائم کردی گئی۔

اجلاس میں انٹر بورڈ کراچی کے چیئرمین پروفیسر سعید الدین کو کھیل کمیٹی کا چیئرمین مقرر کرنے کی منظوری دی گئی۔ 

اجلاس میں کیمبرج یونیورسٹی کے طرز پر میٹرک اور انٹر کے امیدواروں کو ایک یا دو کے بجائے متعدد امپروومنٹ کے مواقع دینے کی بھی منظوری دی گئی، جب کہ یہ بھی طے کے گیا کہ نابینا افراد کو دوران امتحانات بورڈ خود لکھاری فراہم کرے گا۔

اس سے قبل نابینا افراد ازخود لکھاری کا انتظام کرتے تھے۔ اجلاس میں ایک ہی سال میں انجینئرنگ کے طلبہ کومیڈیکل کے مضامین کے امتحان دینے کے معاملے میں کمیٹی قائم کردی گئی، جو آئندہ اجلاس میں رپورٹ پیش کرے گی۔ 

اجلاس میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اور قراقرم یونیورسٹی کے علاوہ تمام جامعات کو میٹرک، انٹر اور ڈپلومہ کرانے سے روک دیا گیا اور کہا گیا یہ حق صرف تعلیمی بورڈز کو حاصل ہے۔

قومی خبریں سے مزید