قومی اسمبلی کے اسپیکر اسد قیصر کا کہنا ہے کہ میرے پاس اختیار ہے کہ قومی اسمبلی کا اجلاس بلا کر جتنے دن کے لیے چاہوں ملتوی کر دوں۔
یہ بات اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے اسلام آباد میں ’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کے دوران کہی ہے۔
’’آئندہ کی حکمتِ عملی نہیں بتاؤں گا‘‘
انہوں نے کہا ہے کہ اسپیکر کا قانونی اختیار کوئی بھی چیلنج نہیں کر سکتا، قانون نے اسپیکر کو بااختیار بنایا ہے، ان شاء اللّٰہ حکومت اس بحران سے نکل آئے گی۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے یہ بھی کہا کہ اپنی آئندہ کی حکمتِ عملی نہیں بتاؤں گا، وقت آنے پر سب پتہ چل جائے گا۔
دوسری جانب قومی اسمبلی کے ترجمان نے اسپیکر اسد قیصر کے اپنی منشا سے اسمبلی کی کارروائی چلانے کے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے ایسا کوئی بیان نہیں دیا۔
ترجمان قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کا عہدہ آئینی ہے اور وہ اپنی آئینی ذمے داریوں سے بخوبی آگاہ ہیں۔
’’ اسپیکر اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے‘‘
قومی اسمبلی کے ترجمان نے کہا ہے کہ اسپیکر آئین اور اسمبلی قواعد میں تفویض کردہ اختیارات کے تحت اسمبلی کا اجلاس طلب کریں گے۔
ترجمان قومی اسمبلی کا مزید کہنا ہے کہ اسپیکر آئین اور اسمبلی قواعد و ضوابط کے تحت اجلاس کی کارروائی عمل میں لائیں گے۔
قومی اسمبلی کے ترجمان نے یہ بھی کہا ہے کہ اسپیکر کا اپنی منشا کے مطابق کارروائی چلانے کا بیان بے بنیاد اور من گھڑت ہے۔