• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد: پی ٹی آئی کے کارکن لوٹے لے کر سندھ ہاؤس پہنچ گئے


وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان لوٹے لے کر سندھ ہاؤس پہنچ گئے۔

پی ٹی آئی کارکنان سندھ ہاؤس کے قریب ریڈ زون میں داخل ہوگئے۔

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کے باہر دھرنا دے دیا۔

 پولیس کی بھاری نفری سندھ ہاؤس کے باہر پہنچ چکی ہے۔

سندھ ہاؤس میں موجود حکومتی ارکانِ قومی اسمبلی نامعلوم مقام پر منتقل کر دیے گئے ہیں۔

سرکاری ذرائع کے مطابق حکومت کو سول انٹیلیجنس ایجنسی نے ارکان کی منتقلی کے بارے میں آگاہ کردیا، ایک اطلاع ہے کہ حکومتی ارکان کو سندھ منتقل کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ سول ایجنسی نے کہا ہےکہ حکومتی ارکان کو جہاں منتقل کیا گیا اس کا پتہ لگارہے ہیں، حکومتی ارکان کو صبح سویرے مختلف گاڑیوں میں منتقل کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق تین خواتین ایم این ایز کو سکھر منتقل کردیا گیا۔

اراکین اسمبلی کو سندھ میں متوقع گورنر راج لگانے کے حکومتی فیصلے کے بعد نامعلوم مقام پر منتقل کیا گیا۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا گزشتہ روز کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس میں جس طرح اراکینِ اسمبلی کی کروڑوں روپے کی بولیاں لگائی جا رہی ہیں، اس کے بعد وزیرِ اعظم کو تجویز دی ہے کہ سندھ میں گونرر راج لگا دیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جیو نیوز کے اینکر حامد میر نے سندھ ہاؤس اسلام آباد میں موجود تحریک انصاف کے باغی ارکان قومی اسمبلی سے خصوصی ملاقات کی۔

اس موقع پر 9 ارکان راجا ریاض ، نور عالم خان ، نزہت پٹھان، وجیہہ قمر، رمیش کمار ، باسط سلطان ، نواب شیر وسیر ، ریاض مزاری اور رانا قاسم نون وہاں موجود تھے جبکہ محمد حسین ڈیہڑ پارلیمنٹ لاجز میں تھے۔

سندھ ہاؤس میں پی ٹی آئی کے منحرف اراکین سامنے آنے کے بعد حکومتی ترجمان آپے سے باہر ہوگئے تھے۔

حکومتی ترجمانوں شہباز گل اور عالیہ حمزہ ملک کی طرف سے ٹی وی چینلز پر منحرف اراکین کیلئے غلیظ الفاظ کااستعمال کیا گیا۔

شہباز گل نے ایک پروگرام میں رمیش کمار کو چھ دفعہ ”دلَّا“ کہہ کر مخاطب کیا جبکہ عالیہ حمزہ ملک نے منحرف اراکین کو طوائفیں، سندھ ہاؤس کو کوٹھا اور وہاں بیٹھے لوگوں کو دلال قرار دیدیا۔

قومی خبریں سے مزید