مردان ( نمائندہ جنگ ) مردان پولیس کی پھرتیاں ،کرے کوئی بھرے کوئی کی مثال قائم کرتے ہوئے فراڈ مقدمہ میں ملوث اصل ملزم کی جگہ ہم نام یونیورسٹی کے گارڈ کو گرفتارکرلیا ۔پولیس نے حقائق جاننے کے بعد یونیورسٹی گارڈ کو رہاکردیا ۔یہ دلچسپ واقعہ پیر کے روز یونیورسٹی کے گارڈن کیمپس میں رونما ہوا پولیس کو سابق وزیر اور مسلم لیگ (ن ) کے مرکزی سینئر نائب صدر خواجہ محمد خان ہوتی کی جائیداد کو فراڈ کے ذریعے فروخت کرنے والے ایک ملزم کی تلاش تھی جس پر پولیس یونیورسٹی پہنچ گئی اورمبینہ ملزم کے ہم نام دیار نامی سیکورٹی گارڈ کو حراست میں لے کر اسے تھانے لے جایاجارہاتھاکہ اس کی اطلاع ملتے ہی یونیورسٹی حکام میں کھبلی مچ گئی اور پولیس حکام اوریونیورسٹی رجسٹرار پروفیسر شیر عالم میں تکرارہوئی اورہاتھاپائی ہوتے ہوتے رہ گئی.