وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سندھ ہاؤس پر حملے کے واقعے کا پولیس نے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
سندھ ہاؤس پر حملے کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا، مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ 15 سے 20 کارکن جتھے کی شکل میں سندھ ہاؤس میں گھسنے کی کوشش کررہے تھے۔
ایف آئی آر کے مطابق کارکنوں نے نعرے بازی، گالم گلوچ اور پولیس کے ساتھ مزاحمت کی، سندھ ہاؤس کا چھوٹا گیٹ اکھاڑ دیا گیا۔
مقدمہ پی ٹی آئی کے 13 کارکنوں کے خلاف درج کیا گیا ہے، رکن قومی اسمبلی عطااللّٰہ اور فہیم خان کا نام ایف آئی آر میں درج نہیں ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کار سرکار میں مداخلت، توڑ پھوڑ اور دفعہ 144 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پی ٹی آئی کارکنوں نے سندھ ہاؤس پر دھاوا بولا تھا، پی ٹی آئی کے کارکنوں نے سندھ ہاؤس کا گیٹ توڑ دیا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے کارکنان لوٹے لے کر سندھ ہاؤس پہنچے اور سندھ ہاؤس کے قریب ریڈ زون میں داخل ہوگئے ، جہاں انہوں نے دھرنا دینے کے بعد سندھ ہاؤس پر دھاوا بول دیا۔