• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رشوت دے کر حکومت بچانے پر لعنت بھیجتا ہوں، وزیراعظم عمران خان


وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ رشوت دے کر حکومت بچانے پر لعنت بھیجتا ہوں، ملک میں فیصلہ کن وقت آگیا ہے۔

ملاکنڈ کی تحصیل درگئی میں جلسے سے خطاب میں عمران خان نے دو ٹوک موقف اختیار کیا کہ عوام کا پیسہ چوری کرکے حکومت بچانے سے بہتر ہے حکومت چلی جائے۔

عمران خان نے لوٹے اور ضمیر فروش کا فرق بیان کیا اور کہا کہ جدھر اقتدار ہوتا ہے لوٹا ادھر چلا جاتا ہے، ضمیر فروش پیسے لے کر اپنے ملک اور جمہوریت کا سودا کرتا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ یہ لوٹے نہیں بن رہے، ضمیر کے سودے کر رہےہیں اور ضمیروں کے اس سودے کو جمہوریت کا نام دیا جارہا ہے، وقت آگیا ہے عوام فیصلہ کریں کہ آپ کدھر کھڑے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایک طرف ملک کے بڑے نامور ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں، جو ہمارے ایم این ایز کو خریدنے کی کوشش کررہے ہیں۔

عمران خان نے یہ بھی کہا کہ دوسری طرف 25 سال ڈاکوؤں کے خلاف جدوجہد کرنے والا ہے، عوام اس جماعت کا ساتھ دیں گے، جو چوروں کےخلاف کھڑی ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ اللہ نے ہمیں یہ نہیں کہا تم نیوٹرل رہو، نہ ادھر نہ ادھر، ملک کی عدلیہ اور الیکشن کمیشن بھی دیکھ رہے ہیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھاکہ ن لیگ والو تم نے دو مرتبہ آصف زرداری کو کرپشن پر جیل میں ڈالا، ن لیگ کے دور میں آصف زرداری پر اربوں روپے کے کیس بنائے۔

اُنہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی والوں آپ نے نواز شریف پر چوری کے کیسز بنائے،شہبازشریف آپ نے آصف زرداری کا پیٹ پھاڑ کر پیسہ نکالنا تھا، فضل الرحمان آپ کو ن لیگ نے ڈیزل کا خطاب دیاتھا۔

عمران خان نے کہا کہ تھری اسٹوجز ملک سے وہ کرنے جارہے ہیں جو دشمن نہیں کرتا، سندھ ہاؤس میں ایم این ایز کو بند کرکے جمہوریت کا جنازہ نکالا گیا، ساری قوم پر لازم ہوجاتا ہے وہ کھڑے ہوں۔

اُن کا کہنا تھاکہ چھانگا مانگا کے دن چلے گئے، جب دونوں طرف کرپٹ تھے، آپ جتنا کہیں ضمیر جاگ گیا، لوگ نہیں مانیں گے، جو غلطی کر بیٹھے ہیں، پارٹی سربراہ آپ کے باپ کی طرح ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہمیشہ آپ کے نام کے ساتھ ضمیر فروش لگ جائے گا،عمران خان برا ہوگا، لیکن لوگ آپ کی بات نہیں مانیں گے، لوگ یہی کہیں گے آپ نے خود کو بیچا ہے، سارا پاکستان یہی سمجھے گا آپ نے ضمیر بیچا ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ کےلیے شادی میں جانا مشکل ہوجائے گا، لوگ آپ کے بچوں سے شادی نہیں کریں گے، اسکول میں آپ کے بچوں کو برا بھلا کہا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ اس کے بعد آپ الٹا لٹک جائیں گے تو بھی لوگوں نے یہی کہنا ہے ضمیر بیچے ہیں، جو ایم این ایز غلطی کر بیٹھے، آپ کو معاف کردوں گا واپس آجائیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ سب سے غلطیاں ہوجاتی ہیں، اللہ معاف کرنے والا ہے، میں باپ کی طرح ہوں جو بچوں کی غلطیاں معاف کردیتا ہے، اپنے بچوں کے مستقبل کے واسطے یہ غلطی نہ کرنا۔

وزیراعظم نے کہا کہ مجھ سے لوگوں نے کہا ایم این ایز کو خرید کر واپس لے آئیں، میں نے کہا، مجھے آخرت کی فکر ہے، عوام کا پیسہ چوری کرکے حکومت بچانے سے بہتر ہے حکومت چلی جائے۔

انہوں نے کہا کہ اگر ایم این ایز کو رشوت دے کر حکومت بچانی ہے تو ایسی حکومت پر لعنت بھیجتا ہوں۔

عمران خان نے کہا کہ سوٹ پہننے والے بے غیرت نے تجویز دی کہ امریکا کو ایبسلوٹلی ناٹ نہیں کہنا چاہیے تھا جبکہ مجرم، ڈرپوک اور جھوٹا باہر بیٹھا ہے۔

قومی خبریں سے مزید