• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حاسد OIC کانفرنس کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے: شاہ محمود قریشی


وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ان شاء اللّٰہ او آئی سی کانفرنس کامیابی سے ہم کنار ہو گی، جو پاکستان کے حاسد ہیں وہ اسے کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتے۔

او آئی سی کے وزرائے خارجہ کونسل کے اجلاس کے حوالے سے وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے جاری کیے گئے بیان میں کہا ہے کہ بھارت اب بھی او آئی سی کانفرنس کو ناکام بنانے کے لیے دن رات کوششیں کر رہا ہے۔

’’بھارت کو کانفرنس میں مسئلہ کشمیر اٹھائے جانے کا خدشہ ہے‘‘

انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالی ٰکی مدد شامل حال ہے، او آئی سی کانفرنس ضرور کامیاب ہو گی، بھارت کو خدشہ ہے کہ پاکستان اس کانفرنس میں مسئلہ کشمیر کو اٹھائے گا۔

وزیرِ خارجہ نے کہا کہ ہم نے اس کانفرنس میں مسلم امہ کی توجہ کشمیر کی بگڑتی صورتِ حال پر مبذول کروانی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہم اس اجلاس میں کشمیر کےمعاملے کو اجاگر کریں گے، کشمیر میں ظلم ہو رہا ہے، نسل کشی کی جا رہی ہے۔

’’کشمیریو! ہم تمہیں بھولے نہیں‘‘

مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان اس اجلاس سے کشمیر کے حوالے سے واضح آواز بلند کرے گا، کشمیریو! ہم تمہیں بھولے نہیں، ہم تمہارے ساتھ ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ اس وقت او آئی سی کا 48 واں اجلاس ہونے جا رہا ہے، کشمیر کے مسئلے کو اس کانفرنس میں جو اہمیت دی جائے گی وہ ماضی سے مختلف ہو گی۔

وزیرِ خارجہ نے چیئرمین پیپلز پارٹی کے حوالے سے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کو او آئی سی کانفرنس کے ایجنڈے کا علم نہیں۔

’’پہلی بار چینی وزیرِ خارجہ OIC کانفرنس میں شریک ہونگے‘‘

انہوں نے مزید کہا کہ تاریخ میں پہلی بار چینی وزیرِ خارجہ او آئی سی کانفرنس میں شرکت اور خطاب کریں گے، چین مسلم امہ سے تعلقات کو وسعت دینا چاہتا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ دسمبر میں بھی ہم نے افغانستان کے معاملے پر اجلاس بلوایا، ہم نے دنیا کی توجہ افغانستان کی جانب مبذول کرائی۔

قومی خبریں سے مزید