یوم پاکستان پر ایوان صدر اسلام آباد میں تقسیم اعزازات کی تقریب ہوئی، جس میں سانحہ سیالکوٹ کے ہیرو ملک عدنان کو تمغہ شجاعت نوازا گیا۔
صدر مملکت عارف علوی نے ایوان صدر میں ہونے والی تقریب میں ہجوم کے ہاتھوں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کو بچانے کی کوشش کرنے والے سانحہ سیالکوٹ کے ہیرو ملک عدنان کو تمغہ شجاعت سے نوازا جس کے بعد ملک عدنان نے اپنے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔
ملک عدنان نے ٹوئٹر پر اپنی تصویر شیئر کی جس میں صدر مملکت عارف علوی ایوانِ صدر میں اُنہیں تمغہ شجاعت دے رہے ہیں۔
ملک عدنان نے کہا کہ انشاءاللّه جب بھی ملک و قوم کو ضرورت پڑے گی میں حق و سچ کا ساتھ دے کر باطل کے خلاف کھڑا نظر آؤں گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ برس سیالکوٹ میں نجی فیکٹری کا سری لنکن منیجر فیکٹری ملازمین کے تشدد سے ہلاک ہوگیا تھا، مشتعل افراد نے لاش کو سڑک پر گھسیٹا اور آگ لگا دی تھی۔
مشتعل افراد کا مبینہ دعویٰ تھا کہ مقتول نے مبینہ طور پر مذہبی جذبات مجروح کیے تھے، مشتعل افراد نے فیکٹری میں توڑ پھوڑ بھی کی۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے سیالکوٹ میں فیکٹری کے سری لنکن منیجر کو بچانے کی کوشش کرنے والے ملک عدنان کو تمغہ شجاعت دینے کا اعلان کیا تھا۔