پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرین کے سربراہ اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ق لیگ کے چوہدری برادران سے رابطوں کی خبروں پر ذرائع ق لیگ کی جانب سے تصدیق جبکہ ذرائع زرداری ہاؤس نے تردید کی ہے۔
ذرائع زرداری ہاؤس کا کہنا ہے کہ آصف زرداری اور چوہدری برادران میں کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
ذرائع زرداری ہاؤس نے بتایا کہ آصف زرداری اور چوہدری برادران کے رابطوں کی خبریں بے بنیاد ہیں، چوہدری برادران اب عمران خان اور ان کے حواریوں کے ساتھی ہیں۔
دوسری جانب ذرائع ق لیگ کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری نے چوہدری شجاعت حسین سے رابطہ کیا ہے۔
ذرائع ق لیگ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات آصف زرداری کی طرف سے پیغام چوہدری برادارن کو پہنچایا گیا ہے۔
ق لیگ ذرائع نے بتایا ہے کہ آصف زرداری کی جلد چوہدری برادران سے ملاقات کا امکان ہے۔
ذرائع ق لیگ کا کہنا ہے کہ آصف زرداری چوہدری برادران کو پی ٹی آئی حکومت کی مدد نہ کرنے کا کہہ سکتے ہیں۔
دوسری جانب ذرائع ق لیگ کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ڈی ایم کی قیادت نے بھی چوہدری برادارن کو ملاقات کا پیغام بجھوایا ہے۔