مسلم لیگ ن کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے افریقی ملک کانگو میں پیش آنے والے حادثے میں پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کی شہادت پر اظہارِ افسوس کیا ہے۔
’’قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے‘‘
جاری کیے گئے ایک بیان میں مسلم لیگ ن کے صدر، قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ قوم اپنے شہداء کو سلام پیش کرتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ امن کوششوں میں شہید ہونے والے وطن کے بیٹوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔
’’افواجِ وطن کی قابلِ فخر تاریخ شہداء کے لہو سے جگمگا رہی ہے‘‘
شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا میں سب سے زیادہ امن کارروائیوں کے لیے فوجی دستے فراہم کرتا ہے، پاکستان کے امن دستوں نے دنیا میں امن کی خاطر جانوں کے قیمتی نذرانے دیے ہیں۔
صدر مسلم لیگ ن نے یہ بھی کہا کہ وطن کی افواج کی قابلِ فخر تاریخ شہداء کے لہو سے جگمگا رہی ہے، اللّٰہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائیں، لواحقین کو صبرِ جمیل عطاء کریں، آمین۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز کانگو میں اقوامِ متحدہ کے امن مشن میں شریک پاکستان ایوی ایشن یونٹ کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہو گیا۔
حادثے کے نتیجے میں 6 پاکستانی افسران و جوان شہید ہو گئے جن میں معاون پائلٹ میجر فیضان علی، نائب صوبیدار سمیع اللّٰہ خان، حوالدار محمد اسماعیل، لانس حوالدار محمد جمیل شامل ہیں۔
امن مشن ہیلی کاپٹر کے اس حادثے میں مجموعی طور پر 8 افراد شہید ہوئے۔
پاک ایوی ایشن یونٹ یو این امن مشن کانگو میں 2011ء سے تعینات ہے اور پاکستان عالمی امن و سلامتی کے لیے یو این امن مشنز میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔