خیبر پختون خوا کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ عوام جمہوریت کے استحکام کے لیے اپنا ووٹ کاسٹ کریں۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختون خوا محمد علی سیف نے پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں صوبے میں آج دوسرے مرحلے کے ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے یہ بات کہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 18 اضلاع کی 65 تحصیلوں میں بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں، جن میں تقریباً 80 لاکھ سے زیادہ ووٹرز اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
معاونِ خصوصی برائے اطلاعات خیبر پختون خوا نے یہ بھی کہا ہے کہ حکومت نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تمام ضروری انتظامات کیے ہیں۔
واضح رہے کہ خیبر پختون خوا میں آج دوسرے مرحلے کے بلدیاتی انتخابات کا میدان سج گیا ہے۔
الیکشن کا مرحلہ شروع ہونے کے ساتھ ہی خیبر پختون خوا میں پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کی مقبولیت کا امتحان بھی شروع ہو گیا ہے۔
خیبر پختون خوا کے 18 اضلاع میں عوام آج ووٹ کے ذریعے فیصلہ کر رہے ہیں۔
صبح 8 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔