• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


ماہ رمضان کے دوران یوٹیلیٹی اسٹورز پر سستی اشیاء کی خریداری کے لیے حد مقرر کر دی گئی، ریلیف پیکج کے تحت سستی اشیاء کی خریداری قومی شناختی کارڈ سے مشروط ہو گئی، ایک شخص پورے ماہ 40 کلو آٹا، 5 کلو چینی، 5 کلو گھی اور 2لیٹر آئل ہی یوٹیلیٹی اسٹور سے خرید سکے گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ماہ رمضان کے دوران یوٹیلیٹی اسٹورزپر سستا آٹا ،چینی ،گھی ،کوکنگ آئل کی ماہانہ خریداری کے لیے حد مقرر کی گئی ہے۔

عوام سستی اشیاء قومی شناختی کارڈ دکھا کر مقررہ حد تک خرید سکیں گئے،یوٹیلیٹی اسٹورز نے اس کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا جو فوری طور پر نافذ العمل ہو گا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ایک شخص کو پورے ماہ 40 کلو سے زیادہ آٹا نہ دیا جائے، ایک ماہ کے دوران ایک شناختی کارڈ پر پانچ کلو سے زیادہ چینی نہ دی جائے، 5 کلو سے زیادہ گھی نہ دیا جائے گا، 2 لیٹر سے زیادہ کوکنگ آئل نہیں دیا جائے گا۔

یوٹیلیٹی اسٹور پر مقررہ حد سے زیادہ مقدار میں اشیاء کی فروحت کرنے والوں کے خلاف کاروائی کی جائے گئی ، رمضان کے دوران سستی اشیاء کی خریداری کرنے والوں کا رش بڑھنے کی توقع ہے ۔

حکام نے بتایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر اشیاء کی قلت سے بچنے کے لیے خریداری کی حد مقرر کی گئی ہے۔


قومی خبریں سے مزید