• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہار کے بعد تشدد پر اُکسانے کا حساب دینا ہوگا، شہباز کی عمران کو وارننگ

اپوزيشن لیڈر شہباز شریف نے وزیر اعظم کو تبیہہ کی ہے کہ شکست کے بعد تشدد پر اُکسانے کا حساب دینا ہوگا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان آئین اور قانون سے ٹکراؤ کریں گے تو آئین و قانون اپنا راستہ بنائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ پُرامن راستے پر گامزن ہیں، ووٹنگ کا جو نتیجہ آئے گا، تسلیم کریں گے۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ جو حکومت بنے گی وہ عوامی مفاد میں فوری کام شروع کرے گی، غداری کا پہلا مقدمہ عمران خان پر بننا چاہیے۔

شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان اپنی شکست ماننے کے بجائے قوم کو تقسیم کرنے کی سازش کرنے میں مصروف ہیں، وہ آئین اور قانون کے راستے پر چلنے سے انکاری ہیں، وہ براہ راست آئین سے ٹکراؤ لے رہےہیں۔

قائد حزب اختلاف نے کہا کہ پارلیمان میں جو فیصلہ کل ہونا ہے اس کو ثبوتاژ کرنے کے لیےحواریوں کو اکسارہے ہیں، شکست کے بعد تشدد پر اکسانے کا حساب دینا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ ممبران کے پرامن طریقے سے پارلیمان میں داخل ہونے کا حق حاصل ہو، امید ہے پولیس، انتظامیہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں نظم اور امن قائم کرے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ بعض کرم فرماؤں نے میرے بیان کو ٹوسٹ کرنےکی کوشش کی، قوم کی آزادی کوئی معنی نہیں رکھتی اگر وہ معاشی طور پر محکوم ہے، ہم معاشی لحاظ سےآزاد نہیں، یہ بدقسمتی ہے،  ہم نے ایک آزاد قوم کے طور پر رہنا ہے تو کشکول کو توڑنا ہوگا۔

 قائد حزب اختلاف نے کہا کہ یہ کوئی آسان کام نہیں، جان جوکھوں کا کام ہے، ہم نے قرضوں پر قرضے لیے، ہمیں کشکول کو توڑنا ہوگا، جن قوموں کو شکست ہوئی انہوں نے محنت کی اور عروج ثریا تک پہنچ گئیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ جاپان اور جرمنی کی مثالیں ہمارے سامنے ہیں، یہ بات میں نے پہلی مرتبہ نہیں کی کہ مانگنے والے کی کوئی شرائط نہیں ہوتیں، بعض لوگوں نے کہا کہ یہ خواجہ آصف کے بیان کی آڑ میں، میں نےکہا، عمران خان کی بے ہنگم باتوں سے مجھے کوئی سر و کار نہیں ہے۔

قومی خبریں سے مزید