اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ عمران خان نے ڈکٹیٹروں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
جیو نیوز سے گفتگو میں فضل الرحمان نے کہا کہ عمران خان نے جمہوریت کی بساط لپیٹنے کے لیے آمروں کو پیچھے چھوڑ دیا، حکومت کا نظام مکمل طور پر ختم ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایجنڈے میں عدم اعتماد کی تحریک پر آپ ایک ایسے خط کو لا رہے ہیں، جس کا اس سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے یہ اقدام کرکے بھاگنے کی کوشش کی ہے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے مزید کہاکہ 1988میں بلوچستان اسمبلی کو توڑا گیا تھا، اگلے ہی دن ہم ہائی کورٹ گئے تھے، عدالت نے اسمبلی بحال کردی تھی۔
اُن کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی کی کارروائی آئین کے خلاف ہوئی ہے، ڈپٹی اسپیکر ایسی رولنگ دینے کے مجاز نہیں تھے، کیا یہ تھا وہ سرپرائز جو وہ قوم کو دینا چاہتے تھے؟
مولانا فضل الرحمان نے یہ بھی کہا کہ یہ وہ لوگ ہیں جو آئے بھی ناجائز طریقے سے تھے اور گئے بھی ناجائز طریقے سے ہیں، اب یہ ہارے ہوئے اور ہار سے بھاگے ہوئے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کے پی کے پہلے مرحلے کے بلدیاتی انتخاب میں شکست کے بعد انہوں نے خزانے کے منہ کھول دیے۔
پی ڈی ایم سربراہ نے کہا کہ الیکشن ہمارا پہلے دن سے مطالبہ اور ہدف ہے، بحران پیدا کرکے جمہوریتیں نہیں چلتیں۔