پاکستان شوبز انڈسٹری کی کئی نامور شخصیات نے گزشتہ روز وزیرِاعظم عمران خان کی جانب سے ملنے والے ’سرپرائز‘ پر اپنے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
اپوزیشن کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان کے خلاف جمع کروائی گئی تحریکِ عدم اعتماد کو گزشتہ روز قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
اس حوالے سے اداکار فیروز خان نے اپنی انسٹا اسٹوری پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’عمران خان بہت زیادہ پسند کیے جانے والے سیاستدان ہیں، کس طرح سب نے ان سے منہ موڑ لیا اور پھر ان ہی کی فتح ہوئی۔ نگہبانی اور مدد کے لیے صرف اللہ ہی کافی ہے‘۔
اداکارہ صبا قمر نے بھی وزیرِ اعظم عمران خان کی حمایت کرتے ہوئے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر لکھا کہ’وزیرِاعظم عمران احمد خان نیازی!‘
اداکارہ ثناء جاوید نے بھی وزیرِاعظم عمران خان کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے پر خوشی کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے اپنی اسٹا اسٹوی میں لکھا کہ’ یہ ماسٹر اسٹروک تھا‘۔
اداکار فیصل قریشی نے بھی اس حوالے سے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر خوشی کا اظہار کیا۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’پاکستان زندہ باد، پاکستان کی عوام زندہ باد‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں‘۔
اداکارہ زارا نور عباس نے اپنی انسٹا اسٹوری پر تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے پر وزیرِ اعظم عمران خان کو ’شہزادہ‘ قرار دے دیا۔
جبکہ اداکار شہروز سبزوار ی نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر تحریکِ عدم اعتماد مسترد ہونے پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔
اُنہوں نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ’اللہ اکبر، پاکستان کو مبارک ہو‘۔
اس کے علاوہ نامور پاکستانی ڈرامہ نگار خلیل الرحمٰن قمر نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ’ اب مقدس ایوان میں صرف مقدس لوگ داخل ہوں گے‘۔
اُنہوں نے مزید لکھا کہ’چور ڈاکو لُوٹے ہوۓ پیسے واپس کریں اور اپنے ملک انگلینڈ جائیں‘۔
واضح رہے کہ وزیر اعظم عمران خان نے اپنے خلاف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد کے فوری بعد ہی کہا تھا کہ وہ اپوزیشن اور قوم کو ’سرپرائز‘ دیں گے۔