صدر ن لیگ شہباز شریف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی سے مطالبہ کیا ہے کہ ہم نےغداری کی ہے تو ثبوت لائے جائیں ۔
شہباز شریف نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کیا آرمی چیف نے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے منٹس دیکھے اور دستخط کیے، کیا کمیٹی نے منٹس کی منظوری دی کہ بیرونی سازش ہوئی اور ہم غدار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 192ارکان اسمبلی کو آرٹیکل 5 کے حوالے سے غدار قرار دیا گیا ، کیا اب غدار اور وفا دار کی بحث شروع ہوگی۔
شہباز شریف نے کہا کہ عدم اعتماد میں نےاپنی ذات کیلئے نہیں جمع کرائی، غربت سے پسی عوام کیلئے متحدہ اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی ہے، جب اپنی ذات کی بات آتی ہے تو عمران خان ہر چیز کو قربان کرنے کیلئے تیار ہو جاتے ہیں۔
شہباز شریف کاکہنا تھا کہ جھوٹ بولنا اور الزام لگانا عمران خان کی صفت میں ہے، یہ معاملہ حل نہ ہواتو ملک بنانا ریپبلک بن جائے گا،ہم نے یہ جرم نہیں کیا تو پھر دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہونا چاہیے۔
اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہاکہ صدر، وزیراعظم نے آئین کو توڑا، پامال کیاگیا ، صدر نے اپنا مائنڈ اپلائی کیے بغیر سمری منظور کرلی۔
انہوں نے کہاکہ وکلاء کی متفقہ رائے ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین کی خلاف ورزی کی ہے۔