پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی رہنما شازیہ مری کا کہنا ہے کہ عمران خان بھگوڑا ہے، عمران خان عوام کی پارلیمنٹ کے فیصلے سے بھاگا ہے، عمران خان کے پیچھے بے وقوف لگے ہیں، وہ کس چیز کا جشن منا رہے ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شازیہ مری نے کہا کہ اپنی حکومت ختم کردی اور پھر بھی جشن منارہے ہیں، بتائیں تو سہی کس چیز کا جشن منارہے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ اسپیکر عدم اعتماد پر ووٹنگ تک اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی نہیں کرسکتا، 28 مارچ کو اسمبلی کا سیشن ہوتا ہے، اسپیکر تحریک عدم اعتماد کی اجازت دیتا ہے، 31 مارچ کا آرڈر آف ڈے کا ایجنڈا بھی موجود ہے، آرڈر آف دی ڈے پر لکھا ہے کہ تحریک پر بحث ہوگی۔
پی پی رہنما نے کہا کہ آپ نے اسمبلی کا اجلاس اس دن بھی عجلت میں ملتوی کردیا، ووٹنگ کی تیاری تھی، اجلاس شروع ہوتا ہے تو فواد چوہدری اسکرپٹڈ بیان پڑھتے ہیں، اور ڈپٹی اسپیکر رولنگ دے دیتے ہیں۔
شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان کی کرسی اور انا بچانے کے لیے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے آئین توڑا، فواد چوہدری کو اسکرپٹ کیوں پڑھنے دیا گیا، 3 اپریل کو کیسے رولنگ دے سکتے ہیں، آپ پر آئین کا آرٹیکل 6 لگتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر آرٹیکل 5 کا حوالہ دے کر خود آئین کو توڑتا ہے، پاکستان کا آئین کوئی مذاق نہیں پورے ملک میں آئینی بحران کھڑا کردیا گیا ہے۔