• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم نے آئین شکنی نہیں کی، آئینی حلف لیا ہے: شاہ محمود قریشی


سابق وزیرِ خارجہ، پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم نے آئین شکنی نہیں کی، آئین کا حلف لیا ہے۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیرِ خارجہ، پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لگتا ہے کہ اس اہم کیس کی آج آخری نشست ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے وکلاء اپنے دلائل آج مکمل کر لیں گے، آرٹیکل 69 کی روح ہے کہ پارلیمنٹ کے معاملات پارلیمنٹ میں رہنے چاہئیں، اسپیکر کی رولنگ فائنل ہوتی ہے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہمارے آئین کے مطابق ریاست کے ہر عضو کی اپنی ذمے داری ہے، آئین بنانے والوں نے بڑا واضح مؤقف دیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مشترکہ اپوزیشن کہہ رہی ہے کہ ڈپٹی اسپیکر نے آئین شکنی کی ہے، تحریکِ انصاف کا مؤقف ہے کہ اسپیکر کے پاس رولنگ کا مکمل اختیار ہے، آرٹیکل 69 نے اسپیکر کی رولنگ کو تحفظ دیا ہے، اسپیکر کی رولنگ قابلِ سماعت نہیں۔

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے کہا کہ نئی صورتِ حال سامنے آئی ہے جسے سامنے رکھا۔

شاہ محمود قریشی نے یہ بھی کہا کہ ہم جوڈیشل انکوائری کی گزارش کر سکتے ہیں، اگر جوڈیشل انکوائری ہوتی ہے تو میرے 7 سوال ہیں۔

انہوں نے دھمکی آمیز مراسلے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ  کون کس سے ملا  اس کے حقائق کون سامنے لائے گا، ملاقات ملک اور بیرون ملک ہوئی اس کی تحقیقات کون کرے گا، مریم نواز ، پیپلز پارٹی اور گیلانی فیملی کے لوگوں نےمن گھڑت کہا،  اگر من گھڑت کہا تو تحقیقات کر لیتے ہیں۔

سابق وزیر خارجہ نے کہا کہ سفیر کو جلد بازی میں تبدیل کرنے کا کہا گیا، سفیر اسلام آباد اپنی مدت پوری کر کے واپس آئے، ان کا تبادلہ نارمل تھا، ان کی مدت تعیناتی 11 جنوری کو مکمل ہوئی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ یہ بوکھلاہٹ اور اپنے مقاصد کےلیے ملک کو آئینی بحران میں دھکیل رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے ایک عمل کے ذریعے اسمبلیاں توڑیں، کیا شہباز شریف کا کام نہیں کہ نگراں وزیراعظم کا نام دیں، شہباز شریف آئینی ذمہ داری سےکنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے اپنی مدت پوری کی ہمارا بھی حق بنتا تھا، تمام مسئلے کا واحد حل فریش مینڈیٹ ہے، ہمارے اندرونی معاملات میں کسی کو مداخلت کا حق نہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ روس نے اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے، روس کا دوطرفہ دورہ تھا ، ہمارے یوکرین کے ساتھ تعلقات اچھے تھے اور اچھے ہیں۔

قومی خبریں سے مزید