پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے انتخابی اصلاحات سے متعلق سپریم کورٹ میں معروضات جمع کروا دیں۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ عدالت کی اسپیکر کی غیرقانونی رولنگ کے خلاف آبزرویشن قابل ستائش ہے، پارلیمان میں غیرقانونی اقدام کی وجہ بغیر انتخابی اصلاحات کے 2018 کی طرز پر اگلے عام انتخابات کا انعقاد ہے۔
پی پی چیئرمین نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے انتخابی اصلاحات کے حوالے سے عوامی مارچ میں اپنے عزائم کا اظہار کیا اور الیکشن کمیشن میں 2018 کی دھاندلی سے متعلق وائٹ پیپر بھی جمع کروایا۔
بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ صاف و شفاف جلد انتخاب کے لئے اس رپورٹ کی روشنی میں انتخابی اصلاحات ہوں، بدقسمتی سے ماضی میں نظریہ ضرورت کے نام پر غیرقانونی اقدامات کی مذمت تو کی گئی مگر ان کا ازالہ نہیں کیا گیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہماری درخواست ہے کہ عدالت اداروں، جمہوریت اور آئین کو مضبوط کرکے ایک مثال قائم کرے، یہ بدقسمتی ہوگی کہ غیرقانونی رولنگ کی مذمت کی جائے تاہم اس میں ملوث کرداروں کو ناکام نہ کیا جائے۔
بلاول بھٹو زرداری نے اپنی معروضات سے دھاندلی سے متعلق وائٹ پیپر اور سینیٹ کی پارلیمانی امور کی پی ٹی آئی کی جانبدارانہ انتخابی اصلاحات سے متعلق رپورٹ بھی منسلک کردی۔