• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سعدیہ غزل، حیدرآباد

عموماً ماہِ صیام میں خاص طور پر چُھٹی کے دِن تقریباً ہر گھر میں سحر و افطار دسترخوان کا کچھ خاص ہی اہتمام ہوتا ہے۔ تو لیجیے، اس خاص اہتمام کے لیے چند تراکیب پیشِ خدمت ہیں۔

کوئلہ چکن کڑاہی

اجزاء: چکن ایک کلو، دہی (پھینٹ لیں) ایک کپ، ادرک، لہسن کاپیسٹ دو کھانے کے چمچ،ہری پیاز (باریک کاٹ لیں) تین عدد، ہری مرچیں(کاٹ لیں)پانچ عدد، کالی مرچ(کُٹی ہوئی) دو کھانے کے چمچ،گرم مسالا پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ (بُھون کر کُوٹ لیں) ایک چائے کا چمچ، ثابت دھنیا (بُھون کر کُوٹ لیں) ایک چائے کا چمچ، فریش کریم ڈیڑھ کپ، لیموں کا رَس چار کھانے کے چمچ، مکھن چارکھانے کے چمچ،ہرا دھنیا (دھو کر پتّے باریک کاٹ لیں) ایک چوتھائی گڈی،کوئلہ ایک بڑا ٹکڑا اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: ایک پین میں تیل گرم کرکے چکن اور ساتھ ہی ادرک، لہسن کا پیسٹ شامل کرکےاچھی طرح فرائی کرلیں۔ پھر اس میں کالی مرچ،سفید زیرہ، دھنیا، نمک اور دہی ڈال کر ہلکی آنچ پر اتنا پکائیں کہ پانی خشک ہوجائے۔ اس کے بعد گرم مسالاؤڈر، ہری پیاز ،ہرا دھنیا، لیموں کا رس اور فریش کریم شامل کرکے 5 منٹ تک پکنے دیں۔ آخر میں کوئلے کا دھواں لگادیں۔ سحری میں پراٹھوں کے ساتھ سرو کریں۔

آلو کی قتلیاں

اجزاء: آلو(قتلیاں کاٹ لیں) آدھا کلو، ہری پیاز (کاٹ لیں) دو عدد، ٹماٹر (چوپ کیا ہوا ) ایک عدد، نمک حسبِ ضرورت،لال مرچ (کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، میتھی(کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، کلونجی آدھا چمچ، سفید زیرہ ایک چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، ہری مرچ (کُٹی ہوئی) دو عدد، ہرا دھنیا (دھو کر پتّے کاٹ لیں) ایک چوتھائی گڈّی، لیموں کا رَس حسبِ ضرورت، پانی ایک کپ اور تیل حسبِ ضرورت۔

ترکیب: تیل گرم کرکے اس میں ہری پیاز، سفید زیرہ، کلونجی اور میتھی ڈال کر بھونیں۔اب اس میں ٹماٹر ، نمک ، لال مرچ او رہلدی شامل کرکے اچھی طرح فرائی کرلیں۔ اس کے بعد آلوکی قتلیاں اور پانی ڈال کر ڈھکن ڈھک کرپکنے دیں۔ جب آلو گل جائیں تو چولھا بند کرنے سے قبل لیموں کا رَس، ہرا دھنیا اور ہری مرچیں چِھڑک دیں۔

ایگ اسٹفڈ پراٹھے

اجزاء: میدہ دوکپ، گندم کا آٹا ایک کپ، انڈے چار عدد، پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک عدد، سبز پیاز (باریک کاٹ لیں) چار عدد، ٹماٹر (باریک کاٹ لیں) دو عدد، سبز مرچیں تین عدد، کالی مرچ (کُٹی ہوئی) آدھا چائے کا چمچ، گرم مسالا آدھا چائے کا چمچ، لال مرچ(کُٹی ہوئی) ایک چائے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، پانی حسبِ ضرورت، اور تیل حسبِ منشاء۔

ترکیب: ایک پیالے میں میدہ، گندم کا آٹا اور نمک ڈال کر اچھی طرح مکس کر کے پانی سےگوندھ لیں اور بیس منٹ کے لیےرکھ دیں۔ اس کے بعد ایک الگ پیالے میں انڈے سمیت تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح پھینٹ کے رکھ لیں۔ پھر آٹے کے پیڑے بنا ئیں اور روٹی کی شکل میں بیل کر چار چار پیسز کرلیں ۔ اب پہلے سے گرم پین میں روٹی کے ایک پیس کو درمیانی آنچ پر دونوں طرف سے دو سے تین منٹ تک پکائیں۔ پھر اس پیس کی ایک سائیڈ پر چُھری سے کٹ لگا کر انڈے والا آمیزہ ڈال دیں اور تیل ڈال کر پراٹھے کی طرح پکا لیں۔

نوڈلز پکوڑے

اجزاء: نوڈلز (آدھا پیکٹ، اُبال لیں)، بیسن ڈیڑھ کپ، میدہ آدھا کپ، ٹماٹر (باریک کاٹ لیں) ایک کپ، گاجر (باریک کاٹ لیں) ایک کپ، میتھی (باریک کاٹ لیں) آدھا کپ، پیاز (چوپ کرلیں) ایک کپ،ہری مرچیں (کاٹ لیں) چار عدد، ہرا دھنیا (دھو کر پتّے الگ کرلیں) حسبِ ضرورت، لال مرچ(کُٹی ہوئی)ایک کھانے کا چمچ، سفید زیرہ (بُھون کر کُوٹ لیں) ایک کھانے کا چمچ، ثابت دھنیا (بُھون کر کُوٹ لیں) ایک کھانے کا چمچ، ہلدی پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سویا ساس ایک کھانے کا چمچ، سرکہ ایک کھانے کا چمچ اور،بیکنگ سوڈا آدھا چائے کا چمچ۔

ترکیب: ایک پیالے میں میدہ، بیکنگ سوڈا، سرکہ ، سویا ساس اور دیگر مسالا جات ڈال کر اچھی طرح مکس کرلیں۔ پھر تمام سبزیاں اور نوڈلزشامل کرکے 15 منٹ کے لیے رکھ دیں۔ پھر اس آمیزے کے پکوڑے بنا کر فرائی کرلیں۔

دہی چنا چاٹ

اجزاء: چنے (اُبلے ہوئے) ڈیڑھ کپ، دہی(پھینٹ لیں) آدھا کپ، آلو (اُبال کر کیوبز میں کاٹ لیں) حسبِ ضرورت، پیاز (باریک کٹے ہوئے) ایک کپ، ٹماٹر (باریک کیوبز میں کٹے ہوئے) دو عدد، ادرک، لہسن کا پیسٹ آدھا کھانے کا چمچ، سبز مرچ کا پیسٹ ایک کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، چاٹ مسالا حسبِ ذائقہ، املی کا گود ا آدھا کپ، لال مرچ (کُٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ، براؤن شوگر ڈیڑھ کھانے کا چمچ، نمک حسبِ ذائقہ، سفید زیرہ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، چینی ایک کھانے کا چمچ، کھجوریں (گٹھلی الگ کردیں) چھےعدد، پودینے کے پتّے (دھو کر کاٹ لیں) چوتھائی کپ، ریڈ چِلی ساس دو کھانے کے چمچ، سویٹ چِلی ساس تین کھانے کے چمچ،لیمو ں کا رَس دوکھانے کے چمچ،سبز چٹنی دو کھانے کے چمچ، تیل حسبِ ضرورت، پانی حسبِ منشاء۔

سجاوٹ کے لیے: سبز مرچیں ، ٹماٹر( باریک کٹے ہوئے) اورکُر کُرےحسبِ ضرورت اور تھوڑے سےاُبلے ہوئے چنے۔

ترکیب: ایک پین میں تیل گرم کر کے پیازفرائی کرلیں۔اب اس میں ادرک، لہسن کاپیسٹ، سبز مرچیں، نمک، چاٹ مسالا، ریڈ چِلی ساس اور لیموں کا رِس ڈال کر اچھی طرح مِکس کریں۔ اس کے بعد حسبِ ضرورت پانی اور اُبلے ہوئے چنے ڈال کر تین سے چار منٹ تک پکا کر چولھا بند کردیں۔ اب ایک دوسرے پین میں املی کا گُودا، لال مرچ، براؤن شوگر، نمک، سفید زیرہ پاؤڈر اور چینی ڈال کردو سے تین منٹ پکاکر کھجوریں شامل کریں اورتھوڑا سا پکا کر چولھا بند کردیں۔

پھر کھجور والا مکسچر اور پودینے کے پتّے بلینڈر میں ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کرلیں۔ چٹنی تیار ہے۔ بعد ازاں، ایک بڑے باؤل میں پہلے سے تیار شدہ چنا چاٹ ڈالیں، پھر اس پر پیاز، آلو اور ٹماٹر سجا کرچاٹ مسالا چِھڑک دیں۔ اب اس پر پہلے کھجور والی چٹنی، پھر سبز چٹنی اور اس کے بعددہی ڈال دیں۔ سب سے آخر میں سجاوٹ والے اجزاء ڈال دیں اور افطار میں مزے دار دہی چنا چاٹ کا لُطف اُٹھائیں۔

قیمہ پارسلز

اجزاء: چکن کا قیمہ آدھا کلو، فریش کریم آدھا کپ، میدہ (گھول کر پیسٹ بنالیں) حسبِ ضرورت، سبز مرچ کا پیسٹ ایک چائے کا چمچ، لال مرچ (کُٹی ہوئی) ایک کھانے کا چمچ، سبز پیاز (باریک کاٹ لیں) ایک چوتھائی کپ، نمک حسبِ ذائقہ، سفید مرچ آدھا چائے کا چمچ، اوریگا نو ایک چائے کا چمچ،سبز اور سُرخ شملہ مرچ (باریک کاٹ لیں) آدھا آدھا کپ، سبز دھنیا (دھو کر باریک کاٹ لیں) ایک چوتھائی کپ، سموسے کی پٹّیاں حسبِ ضرورت اور تیل تلنے کے لیے۔

ترکیب: ایک پین میں تیل کڑکڑا کر قیمہ ڈال کے بھون لیں۔ اس کے بعد تمام اجزاء شامل کرکے اچھی طرح پکا کر چولھا بند کردیں۔ پھر سموسے کی پٹّی لے کر قیمے والے آمیزے کی فِلنگ کرکے پارسل کی شکل میں فولڈ کریں اور میدے کی پیسٹ کے ساتھ بند کردیں۔ اس طرح تمام پارسلز بنا لیں۔ افطار سے قبل فرائی کرلیں۔

ٹھنڈائی

اجزاء: تازہ دودھ ایک لیٹر، خربوزے کے بیج تین کھانے کے چمچ، بادام (اُبلتے ہوئے پانی میں ایک منٹ ڈال کر نکال لیں اور ٹھنڈے پانی میں ڈاال کر چھلکا اُتار لیں) تین کھانے کے چمچ، کاجُو تین کھانے کے چمچ، خشخاش تین کھانے کے چمچ، چینی حسبِ ضرورت،کالی مرچ پاؤڈر آدھا چائے کا چمچ، سونف پاؤڈر ایک چائے کا چمچ، زعفران ایک چٹکی، سبزالائچی (پیس لیں)پانچ عدد، عرقِ گلاب آٹھ کھانے کے چمچ اور کیوڑا چند قطرے۔

ترکیب: ایک کپ دودھ میں تمام اجزاء ڈال کر اچھی طرح بلینڈ کر لیں۔ پھر باریک کپڑے سے چھان کر باقی دودھ بھی شامل کردیں۔ فریج میں رکھ کر خُوب اچھی طرح ٹھنڈا کریں اور افطار سے قبل گلاسز میں ڈال کر پیش کریں۔