پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کل قومی اسمبلی میں مشترکہ اپوزیشن کے اجلاس میں شرکت کریں گی۔
مریم نواز تحریک عدم اعتماد پر رائے شماری کے دوران پارلیمنٹ ہاؤس میں موجود رہیں گی۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے حکم کے مطابق تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ کے لیے قومی اسمبلی کا اجلاس کل (ہفتہ 9 اپریل کو) صبح ساڑھے 10 بجے ہو گا۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کا 6 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس میں تحریکِ عدم اعتماد کی قرار داد چوتھے نمبر پر ہے۔
قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق رواں شیڈول کے مطابق کل (ہفتے کو) قومی اسمبلی کا اجلاس ہو گا، علیحدہ سے اسمبلی اجلاس طلب نہیں کیا جائے گا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے قومی اسمبلی کے اجلاس کی طلبی کے فیصلے کی مصدقہ کاپی قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو موصول ہو چکی ہے۔
ذرائع قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ عدالتی فیصلے کے مطابق اجلاس بلانے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔
نوٹیفکیشن میں عدالتِ عظمیٰ کے فیصلے کا باقاعدہ حوالہ دیا جائے گا۔
قومی اسمبلی کے ذرائع کے مطابق اجلاس کی طلبی کا نوٹیفکیشن آج کسی بھی وقت جاری کر دیں گے۔
ذرائع قومی اسمبلی نے یہ بھی بتایا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو بھی عدالتی فیصلہ بھجوا دیا گیا ہے۔