سابق وزیراعظم عمران خان کے اعلان پر ملک کے مختلف شہروں میں تحریک انصاف کے کارکنان احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔
پی ٹی آئی کے کارکنوں نے کراچی، لاہور، ملتان، فیصل آباد، چلاس، کوہاٹ، چیچہ وطنی، جہانیاں، میانوالی، بہاولنگر، منڈی بہاء الدین، سکھر، کندھ کوٹ، خیرپور اور تھر پارکر میں عمران خان کی اپیل پر احتجاج کیا۔
کراچی میں پی ٹی آئی کارکنوں نے ڈالمیا روڈ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا، جس کے باعث ٹریفک پولیس گاڑیوں کو راشد منہاس روڈ سے نیپا چورنگی بھیجنے لگی۔
لاہور کے لبرٹی چوک پر تحریک انصاف کے کارکن جمع ہوئے اور عمران خان کی اپیل پر احتجاج کیا۔
ملتان کے مختلف علاقوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں اور سابق وزیراعظم کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
فیصل آباد میں عمران خان کی اپیل پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے ریلیاں نکالیں اور پی ٹی آئی حکومت کی تبدیلی کے معاملے پر نعرے بازی کی۔
پی ٹی آئی کارکنوں نے کوہاٹ میں کچہری چوک اور چلاس میں صدیق اکبر چوک پر احتجاجی مظاہرے کیے۔
چیچہ وطنی میں پیلس چوک، جہانیاں میں میونسپل کمیٹی چوک، منڈی بہاء الدین میں پریس کلب کے باہر، بہاولنگر میں سٹی چوک اور میانوالی میں وتہ خیل چوک پر پی ٹی آئی کارکنوں نے احتجاجی مظاہرے کیے۔
ادھر سندھ کے شہر سکھر میں پی ٹی آئی کارکنوں نے انصاف ہاؤس سے سٹی پوائنٹ چوک تک احتجاجی ریلی نکالی جبکہ خیر پور میں مختلف علاقوں میں احتجاج کیا۔
کندھ کوٹ کے علاقے بخشا پور میں پی ٹی آئی کی مقامی قیادت نے انصاف ہاؤس سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جبکہ تھرپارکر میں تحریک انصاف کے کارکن متحدہ اپوزیشن کے خلاف سڑک پر نکل آئے۔