• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خاتونِ اول تہمینہ درانی نے شہباز شریف کی تقریبِ حلف برداری میں شرکت کیوں نہیں کی؟

پاکستان کی خاتونِ اول اور نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کی اہلیہ تہمینہ درانی نے ایوانِ صدر میں منعقدہ شوہر کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہ کرنے کی وجہ بتا دی۔

تہمینہ درانی سے ایک حالیہ انٹرویو میں میزبان کی جانب سے انہیں مبارکباد دیتے ہوئے سوال کیا گیا کہ آپ نے حلف برداری کی تقریب میں شرکت نہیں کی؟ کیا آپ لاہور میں ہی ہیں؟

انہوں نے اپنی پاکستان میں موجودگی سے متعلق سوال کو نظر انداز کیا اور اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ تقریبِ حلف برداری میں شرکت کے لیے اتنے لوگوں میں میرے جانے کی کوئی ضرورت نہیں تھی ۔

تہمینہ درانی نے کہا کہ جہاں انہیں میری ضرورت ہوتی ہے وہاں میں ضرور ان کے ساتھ ہوتی ہوں۔

انہوں نے میزبان سے کہا کہ آپ نے مجھے مبارکباد تو دے دی لیکن آپ مبارکباد کے ساتھ بہت دعائیں بھی دیں۔

خاتونِ اول نے کہا کہ جس موڑ پر اس وقت ہمارا ملک کھڑا ہوا ہے، اس موڑ پر میاں شہباز شریف کے کاندھوں پر ہی پہاڑ نہیں آ گرا بلکہ کچھ ذمہ داریاں میری بھی بڑھ گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ چاہے تھوڑی دیر کیلئے آئے ہوں ہم یا زیادہ دیر کے لیے لیکن ہم اس وقت کے لیے جوابدہ ہونا ہوگا۔

خاتونِ اول نے بتایا کہ ان کی میاں محمد شہباز شریف سے شادی کو 19 برس ہوگئے ہیں اور اس دوران انہوں نے ان سے زیادہ غریب نواز، ہر چیز کو دیکھنے والا، ایک سیکنڈ کا آرام نہیں کرنے والا نہیں دیکھا۔

اسی دوران انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ جتنا عرصہ وہ وزیراعلیٰ پنجاب رہے میں انہیں کبھی کبھار ہی دیکھتی تھی، وہ اپنی بھاگ دوڑ میں لگے رہتے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف پر اللہ کا کرم ہوا ہے، یہ کوئی بادشاہت نہیں ملی انہیں بلکہ یہ ایک بہت بڑی نوکری ہے، دعا ہے کہ وہ اپنی نوکری کو اچھی طرح نبھا سکیں اور غریبوں کے لیے کام کرسکیں۔

خاص رپورٹ سے مزید