• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چوہدری پرویز الہٰی 16 اپریل کو کامیابی کیلئے پُرامید

پاکستان مسلم لیگ (ق) اور تحریک انصاف کے وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی 16 اپریل کو کامیابی کے لیے پُرامید ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور اسپیکر چوہدری پرویز الہٰی کی زیر صدارت صوبائی ارکان اسمبلی کا اجلاس ہوا۔

اجلاس میں ساہیوال، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان ڈویژن کے ارکان صوبائی اسمبلی نے شرکت کی۔

اجلاس کے شرکاء نے عثمان بزدار کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور نامزد وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الہٰی پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

لاہور میں ہوئے اجلاس میں پی ٹی آئی پنجاب کے صدر شفقت محمود، ایم این اے حسین الہٰی اور خواتین ارکان اسمبلی کی بڑی تعداد بھی شریک تھی۔

اجلاس کے شرکاء نے نامزد قائد ایوان چوہدری پرویزالہٰی کو کامیاب کروانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے حکمت عملی پر تفصیلی مشاورت کی گئی، سابق وزراء اور ارکان اسمبلی کو رابطوں کے لیے مختلف ٹاسک سونپے گئے۔

اپنے خطاب میں چوہدری پرویز الہٰی کا کہنا تھا کہ ن لیگ پر کرپشن کیسز ہیں، جس پر پاکستان سمیت دنیا بھر میں احتجاج کا سلسلہ شروع ہوا، 16 اپریل کو کامیابی ہمارے قدم چومے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان کو عوامی رابطہ مہم میں بہت پذیرائی حاصل ہوئی، خلوص نیت کے ساتھ اپنی ذمہ داری پہلے بھی نبھائی، آئندہ بھی نبھاؤں گا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ ہمارے ارکان اسمبلی متحد ہیں، تحریک انصاف اور ق لیگ یک جان دو قالب ہیں، چوہدری پرویزالہٰی کو کامیاب کروائیں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ عوام کی خدمت کو مشن بنایا، ضمیر مطمئن ہے، پرویز الہٰی سے دیرینہ تعلق ہے اور میں تعلق نبھانا جانتا ہوں۔

قومی خبریں سے مزید