سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے وزیراعظم آزاد کشمیر عبدالقیوم نیازی نے ملاقات کی ہے۔
ذرائع کے مطابق عمران خان سے ملاقات میں عبدالقیوم نیازی نے سابق وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کے لگائے گئے الزامات مسترد کردیے ہیں۔
دوران ملاقات وزیراعظم آزادی کشمیر نے عمران خان کو اپنے خلاف جاری مبینہ سازشوں سے بھی آگاہ کیا۔
ذرائع کے مطابق عبدالقیوم نیازی نے دوران گفتگو عمران خان سے سوال کیا کہ مجھے وزارتِ عظمیٰ سے کیوں نکالا جارہا ہے؟
دوران گفتگو وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عمران خان صاحب وزارت عظمیٰ آپ کی امانت ہے، میں مستعفی ہونے کے لیے تیار ہوں۔
ذرائع کے مطابق دوران ملاقات عمران خان نے عبدالقیوم نیازی کو وزارتِ عظمیٰ سے مستعفیٰ ہونے سے روک دیا۔
اس موقع پر عمران خان نے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کردی ہے، جو تمام اسٹیک ہولڈرز کی شکایات کا جائزہ لے کر 14 اپریل کی دوپہر تک فیصلہ کرے گی۔