پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی ترجمان شازیہ مری کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے للکار کر عمران نیازی کو اقتدار سے نکالا۔
ایک بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے 27 فروری کو عمران خان کو اقتدار چھوڑنے کی وارننگ دی تھی اور کہا تھا کہ عمران خان اقتدار چھوڑ دیں ورنہ تحریک عدم اعتماد آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان اپنے اتحادیوں کا اعتماد کھو چکے تھے، شہباز شریف جمہوری انداز اور ووٹ کی طاقت سے وزیراعظم منتخب ہوئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو مودی کو جواب دینے کی ہمت نہ کرے ان کے خلاف عالمی سازش بھونڈا بیانیہ ہے، قومی اداروں کے خلاف بیان بازی مودی کا ایجنڈا ہے۔
شازیہ مری کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی ذمہ داری ہے وہ آئین کی نگہبانی کرے، عمران خان آئین سے انحراف کر رہے تھے اس وجہ سے عدالتیں کھلیں۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ امریکا اور یورپ سے پاکستانی نکالے گئے تو اس کے ذمہ دار عمران خان ہوں گے۔