• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان نے حکومت سے خریدی گئی گھڑی باہر جا کر بیچ دی تواس میں کیا جرم ہے؟ فواد چوہدری

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان کے  توشہ خان سے تحائف دبئی میں بیچنے کے بیان پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نے حکومت سے خریدی گئی گھڑی باہر جا کر بیچ دی تواس میں کیا جرم ہے؟

فواد چوہدری نے شہباز شریف کے بیان پر کہا کہ کسی دوسرے ملک نے گھڑی تحفے میں دی وہ وزیراعظم نے حکومت سے خرید لی، وزیراعظم نے حکومت سے خریدی گئی گھڑی باہر جا کر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سمجھ نہیں آیا کہ شہبازشریف کاالزام ہے کیا؟ شہباز شریف کنفیوژ ہیں ان کوسمجھ نہیں آرہا کہ عمران خان پرکیسے الزامات لگائیں۔

سابق وزیر نے کہا کہ گھڑی 5 کروڑ کی ہو یا 10کروڑ کی اگر میری ہے اور میں نے بیچ دی تو اس پر کوئی اعتراض بنتا نہیں؟  شہبازشریف کبھی گھڑی توکبھی کوئی کریکٹرلے آتے ہیں، شہبازشریف عمران خان پر کیچڑاچھالنے کی کوشش کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف سطحی گفتگو سے پرہیز کریں اور ملکی مسائل پر توجہ دیں۔

خیال رہے کہ وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ میں کنفرم کر سکتا ہوں کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرونِ ملک بیچے۔

اس بات کا انکشاف وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے وزیرِ اعظم ہاؤس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔

انہوں نے بتایا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں بیچے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے مزید بتایا کہ ان قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلیٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مجھے بھی ایک بار گھڑی ملی تھی جسے میں نے توشہ خانے میں جمع کرا دیا تھا، مجھے کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں۔

قومی خبریں سے مزید